1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنسی تعلق سے چوبیس گھنٹے پہلے پولیس کو بتانا لازمی

مقبول ملک25 جنوری 2016

برطانیہ میں ایک عدالت نے ایک مرد شہری کو حکم دیا ہے کہ اگر وہ مستقبل میں کسی خاتون کے ساتھ جنسی رابطے کا ارادہ رکھتا ہو تو اسے پولیس کو اپنے ان ارادوں پر عمل درآمد سے چوبیس گھنٹے پہلے لازمی طور پر اطلاع دینا ہو گی۔

https://p.dw.com/p/1Hjcz
Symbolbild Liebe
تصویر: Knut Wiarda - Fotolia

لندن سے پیر پچیس جنوری کے روز موصولہ نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق ’جنسی جرائم کے ارتکاب کے خلاف عبوری طور پر جاری کردہ یہ عدالتی حکم‘ چار ماہ کے عرصے کے لیے مؤثر رہے گا اور اس کا اطلاق ایک ایسے ملزم پر ہو گا، جس کے خلاف مقدمے کی اگلی سماعت کے لیے چار مہینے بعد کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔

برطانوی پولیس نے اس مقدمے سے متعلق کوئی بھی تفصیلات بتانے سے انکار کر دیا ہے اور قانونی وجوہات کے باعث یہ بھی ظاہر نہیں کیا گیا، کہ جس ملزم کو عدالت نے یہ عبوری حکم سنایا ہے، اس کا نام کیا ہے یا وہ کہاں کا رہنے والا ہے؟

ایسوسی ایٹڈ پریس نے لکھا ہے کہ اس ملزم کے خلاف عدالت نے ’جنسی جرم کے خطرے کے سبب جو عبورعی حکم‘ سنایا ہے، وہ عام طور پر اس وقت سنایا جاتا ہے، جب کسی فرد کو عدالت نے کسی جنسی جرم کا مرتکب تو قرار نہ دیا ہو لیکن پولیس کا اس کے بارے میں شدید شبہ ہو کہ وہ جنسی حوالے سے عام شہریوں کے لیے خطرہ ہے۔

انگلینڈ میں یہ فیصلہ یارک کاؤنٹی کے مجسٹریٹ کی عدالت نے شمالی یارک شائر پولیس کی درخواست پر سنایا۔ فیصلے کے مطابق اس ملزم کی جائز جنسی سرگرمیوں کو محدود کرتے ہوئے اور انہیں قانون کی نگرانی میں لاتے ہوئے اسے پابند بنا دیا گیا ہے کہ وہ جب بھی کسی خاتون کے ساتھ جسمانی رابطے کا ارادہ رکھتا ہو، اسے پولیس کو چوبیس گھنٹے پہلے اس کی باقاعدہ اطلاع دینا ہو گی۔

عدالتی حکم کے مطابق ملزم کو پولیس کو بتانا ہو گا کہ وہ جس خاتون کے ساتھ جنسی رابطہ قائم کرنے والا ہے، اس کی عمر، نام اور پتہ کیا ہیں؟ اگر ملزم نے اس حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پولیس کو اطلاع نہ کی یا نامکمل معلومات فراہم کیں، تو اسے فوراﹰ جیل بھیجا جا سکے گا۔

Symbolbild - Chat im Internet
عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر ملزم کو فوری طور پر جیل بھیج دیا جائے گاتصویر: Fotolia/apops

نارتھ یارک شائر پولیس کے مطابق عدالت نے یہ حکم اس لیے جاری کیا ہے کہ ملزم کی طرف سے کسی خاتون یا لڑکی کے خلاف ممکنہ جنسی جرم کا قبل از وقت تدارک کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ اگر چار ماہ کے اس عرصے میں ملزم انٹرنیٹ استعمال کرنا چاہے، تو اسے صرف وہ سافٹ ویئر استعمال کرنے کی اجازت ہو گی، جس پر پولیس کی بھی نظر ہو گی۔ اس طرح ملزم کو آن لائن جنسی جرائم کے ممکنہ ارتکاب سے بھی روکا جا سکے گا۔

ایسوسی ایٹڈ پریس نے لکھا ہے کہ اس برطانوی ملزم کو انٹرنیٹ تک رسائی کے عمل میں پولیس کی کڑی نگرانی سے صرف ایک صورت میں استثنیٰ حاصل ہو گا، صرف اس وقت جب وہ برطانوی دفتر روزگار کی ویب سائٹس کے ذریعے اپنے لیے کوئی ملازمت حاصل کرنے کی آن لائن کوشش کرے گا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید