1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنوبی افریقہ کو نتینی کا متبادل مل گیا

13 جنوری 2011

چار بھارتی کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے مکھایا نتینی کے متبادل لونوابو سوٹسوبی نے اپنے شائقین کے دل موہ لیے ہیں۔ واضح رہے کہ حال ہی میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے نتینی انہیں اپنا جانشین قرار دے چکے ہیں۔

https://p.dw.com/p/QrfM
لونوابو سوٹسوبیتصویر: AP

فاسٹ باؤلر سوٹسوبی کی اس کارکردگی کے بعد مبصرین اس امید کا اظہار کر رہے ہیں کہ وہ جنوبی افریقہ کو نتینی کی کمی محسوس ہونے نہیں دیں گے۔ وہ اب تک 15 ایک روزہ میچوں میں 27 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

بدھ کو ڈربن کے کنگز مِیڈ میدان پر کھیلا گیا ون ڈے سیریز کا یہ پہلا میچ جنوبی افریقہ کے نام رہا۔ سیریز کے اس پہلے ڈے اینڈ نائٹ کا ٹاس جنوب افریقی قائد گراہم سمتھ نے جیتا اور بلے بازی کا فیصلہ کیا۔

جنوبی افریقہ کا آغاز مثالی نہیں رہا، کپتان سمتھ محض 11 رنز بنا کر 21 کے مجوعی سکور پر اشیش نہرا کا شکار بنے۔ اس کے بعد ہاشم آملہ اور کولن انگرام Colin Ingram کی جوڑی نے تیزی سے رنز بٹورے اور اسکور 72 رنز تک لے جانے میں کامیاب رہے۔ اسی اثنا میں آملہ نے اپنی نصف سینچری بھی سکور کر ڈالی۔ وہ 50 رنز بناکر ہربھجن سنگھ کا شکار بنے۔

Der indische Cricketstar Sachin Tendulkar
سچن محض سات رنز بناسکےتصویر: UNI

جنوبی افریقہ کو مضبوط سہارا مڈل آرڈر میں ڈی ولیئرز اور ڈومینی کی جوڑی نے فراہم کیا۔ دونوں کی سنچری شراکت نے مجوعی اسکور کو 213 رنز تک پہنچایا۔ ڈی ولیئرز نے 76 جبکہ ڈومینی نے 73 رنز بنائے۔ مقررہ 50 اوورز کے اختتام پر میزبان ٹیم کو 289 کا معقول مجموعہ حاصل ہوا۔ بھارت کی جانب سے ظہیر خان، مناف پٹیل اور روہت شرما نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

جب بھارتی بلے باز میدان میں اترے تو ان کا آغاز جنوبی افریقہ سے بھی خراب رہا۔ دونوں افتتاحی بلے باز ابتدائی چار اوورز میں پویلین سدھار گئے۔ مرالی وجے محض ایک کے انفرادی سکور پر ڈیرل سٹین کا نشانہ بنے جبکہ لٹل ماسٹر سچن تندولکر سات کے انفرادی سکور پر سوٹسوبی کی گیند پر سٹین کو کیچ دے بیٹھے۔

بھارتی بیٹنگ لائن میں سوائے ویرت کوہلی کے کوئی بھی جنوب افریقی گیند بازوں کے سامنے نہ ٹک سکا۔ کوہلی نے 54 رنز بنائے۔ پوری بھارتی ٹیم محض 154 رنز کے مجموعی سکور پر 36 اوورز کے اندر ڈھیر ہوگئی۔

Kricket Mahendra Singh Dhoni und Graeme Smith
فاتح قائد گراہم سمتھ شکست خوردہ مہندرا سنگھ دھونی کے ہمراہتصویر: AP

سوٹسوبی نے 8.4 اوورز میں 31 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

جنوب افریقی قائد اسمتھ نے جیت کا سہرا گیند بازوں کے سر باندھا ہے۔ بھارتی قائد مہندرا سنگھ دھونی نے بیٹنگ میں برے آغاز پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ پچ میں باؤنس اور ہوا میں سوئنگ کوئی بہت زیادہ نہیں تھا۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں