1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنوبی ایشیا اور پاکستان میں آج عید

31 اگست 2011

پاکستان سمیت جنوبی ایشیا کے متعدد ملکوں میں عید الفطر کا تہوار مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ آج منایا جا رہا ہے۔ یہ تہوار ماہ صیام کے اختتام کی نشاندہی کرتا ہے اور مسلمانوں میں خوشی کا ایک بڑا تہوار تصور کیا جاتا ہے۔

https://p.dw.com/p/12Qf5
تصویر: AP

اس عید کے موقع پر میٹھے کو خاص اہمیت حاصل ہوتی ہے اور اِسی مناسبت سے یہ عید میٹھی عید بھی کہلاتی ہے۔ پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت اور بنگلہ دیش میں بھی آج عید الفطر منائی جا رہی ہے۔ پاکستان کی حکومت نے اس موقع پر چار روزہ تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔

آج ملک میں اہم مقامات پر نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جن میں ملک کی خوشحالی، ترقی اور امن کی دعائیں مانگی گئیں۔ سلامتی کے خدشات کے پیش نظر بیشتر مقامات پرسخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے، تاہم اس کے باوجود کوئٹہ میں شیعہ مسلمانوں کی ایک مسجد کے باہر ہونے والے کار بم دھماکے میں  متعدد افراد ہلاک ہو گئے۔

Jama Masjid Moschee
جنوبی ایشیا کے دیگر ملکوں کی طرح بھارت میں بھی آج عید الفطر کا تہوار منایا جا رہا ہےتصویر: AP

پاکستان کے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے نماز عید دارالحکومت اسلام آباد کی مرکزی فیصل مسجد میں ادا کی جبکہ چین کے دورے پر گئے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے عید کی نماز چین کے خطے سنکیانگ کے شہر اُرمچی میں پڑھی۔

یورپ اور مشرق وسطیٰ سمیت متعدد ممالک کے مسلمانوں نے منگل کو عید الفطر منائی۔ اِن ملکوں میں سعودی عرب اور خلیجی ریاستیں بھی شامل ہیں۔ اس سال بھی دو عیدیں منانے کی روایت موجود رہی اور پاکستان کے بعض علاقوں میں منگل کو عید الفطر منائی گئی۔

US-Präsident Obama fordert Gaddafis Machtverzicht
امریکی صدر باراک اوباما نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ بنیادی آزادیوں کے لیے جدوجہد کرنے والے تمام لوگوں کا ساتھ دیتا رہے گاتصویر: AP

دوسری جانب امریکی صدر باراک اوباما نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید الفطر کی مبارکباد دی ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ مسلمان اس خوشی کے موقع پر ان تمام لوگوں کو یاد رکھیں جو غربت، بھوک، تنازعات اور بیماریوں کے شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکہ  ضروریات زندگی اور بنیادی آزادیوں کے لیے جدوجہد کرنے والے تمام لوگوں کا ساتھ دیتا رہے گا۔

اِدھر برلن میں جرمن وزیر خارجہ گیڈو ویسٹر ویلے نے بھی عید الفطر کے موقع پر پیغام جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے جرمنی اور دُنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ان کی نیک تمنائیں خاص طور پر رواں برس رمضان کا مہینہ سیاسی غیر یقینی یا تشدد کے سائے تلے گزارنے والے مسلمانوں کے لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عرب خطے میں رونما ہونے والے واقعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ دنیا کے عوام کی آزادی اور جمہوریت کے حصول کی خواہشات کو دبایا نہیں جا سکتا۔ 

رپورٹ: حماد کیانی

ادارت: ندیم گِل