1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنوبی وزیرستان، اورکزئی میں 42 طالبان ہلاک

12 جولائی 2010

پاکستان کے قبائلی علاقوں میں فوجی کارروائیوں کے دوران گزشتہ تین روز میں 42 شدت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔ یہ کارروائیاں جنوبی وزیرستان اور اورکزئی ایجنسی کے علاقوں میں کی گئی۔ تازہ کارروائی میں دس طالبان ہلاک ہوئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/OGFI
جنوبی وزیرستان میں ایک پاکستانی فوجیتصویر: dpa

اورکزئی ایجنسی میں پاکستانی فوج نے فضائی کارروائی کی ہے، جس کے نتیجے میں دس شدت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔ خبررساں ادارے روئٹرز نے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس کارروائی میں چھ طالبان زخمی بھی ہوئے۔

دوسری جانب حکام کے مطابق جنوبی وزیرستان میں جمعہ اور ہفتہ کو ہونے والی لڑائی میں 32 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس علاقے میں گزشتہ کافی عرصے سے ’امن‘ رہا ہے، تاہم گزشتہ دو روز میں ہوئی شدید لڑائی میں چھ فوجی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ یہ لڑائی محسود قبائل کے علاقوں میں ہوئی، جہاں 35 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔

Flüchtlinge Pakistan Region Waziristan
جنوبی وزیرستان میں فوجی آپریشن کے نتیجے میں تین لاکھ سے زائد افراد نے نقل مکانی کیتصویر: AP

شدت پسندوں نے جنوبی وزیرستان میں کارروائیاں کا دوبارہ آغاز ایسے وقت کیا ہے، جب حکومت قبل ازیں کئے گئے آپریشن کے نتیجے میں محسود قبائل کے نقل مکانی کرنے والے تین لاکھ سے زائد افراد کو واپس بھیجنے کی تیاریاں کر رہی ہے۔ اس حوالے سے ڈیرہ اسمعٰیل خان اور ٹانک کے اضلاع میں ان بے گھر افراد کی رجسٹریشن کا عمل ابھی حال میں شروع کیا گیا۔

حکام کے مطابق طالبان کے خلاف ہفتے کو اس وقت کارروائی کی گئی، جب انہوں نے ایک سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔ اس موقع پر 18سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔ فوج نے جوابی کارروائی کی، جس میں انہیں گن شپ ہیلی کاپٹروں کی مدد حاصل تھی۔ اس دورا ن 14 شدت پسند مارے گئے۔ خبررساں اداروں نے سیکیورٹی حکام کے حوالے سے بتایا کہ اس کارروائی کے بعد چار طالبان کی نعشیں قبضے میں لے لی گئیں۔

تاہم اس علاقے میں فوج اور عسکریت پسندوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہفتہ کو شام تک جاری رہا۔ جنوبی وزیرستان کے علاقے کارواں منزہ میں بھی ایک چیک پوسٹ طالبان کے حملے کا نشانہ بنی۔ وہاں تین سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے۔ فورسز کی جوابی کارروائی میں 12 عسکریت پسند مارے گئے۔

ہفتے کی سہ پہر انتہاپسندوں نے پاش زیارت کے علاقے میں ایک فوجی قافلے کو نشانہ بنایا۔ اس دوران دونوں جانب سے فائرنگ کے تبادلے میں تین فوجی اور چھ شدت پسند ہلاک ہوئے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں