1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنگلاتی آگ کا دھواں: ماسکو میں روزانہ ہلاکتیں دوگنا

9 اگست 2010

روسی دارالحکومت ماسکو ميں ايک سرکاری ترجمان نے پہلی بار گرمی کی شديد لہر اور اس کے نتيجے ميں پھيلنے والی تباہی پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ ريکارڈ گرمی کی وجہ سے ماسکو ميں اموات کی شرح دگنی ہوگئی ہے۔

https://p.dw.com/p/Og4u
پير نو اگست کی صبح ماسکو کا ريڈ اسکوائر زہریلے دھوئیں اور دھند کی لپیٹ میںتصویر: AP

گرمی کی شدت ميں کمی کے ابھی تک کوئی آثار نظر نہيں آتے۔ يہ سرکاری اعتراف اس سے قبل ميڈيا ميں شائع ہونے والی ان رپورٹوں کے بعد سامنے آيا ہے، جن ميں حکام پر الزام لگايا گيا تھا کہ وہ اس تباہی کی تفصيلات چھپانے کی کوششیں کر رہے ہيں، جس سے ماسکو کے لاکھوں شہری متاثر ہو رہے ہيں اور جس نے بہت سے شہريوں کو دارالحکومت چھوڑنے پر مجبور کر ديا ہے۔

ماسکو میں صحت عامہ کے محکمے کے سربراہ آندرے سيلتسووسکی نے کہا کہ عام حالات ميں ماسکو ميں روزانہ 360 سے لے کر 380 تک افراد ہلاک ہو جاتے ہيں ليکن اب اُن کی روزانہ تعداد تقريباً 700 ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا: ’’شہریوں کی شرحء اموات دگنی ہوگئی ہے۔ شہر کے مردہ خانوں میں کل 1500 جگہوں ميں صرف دو سو خالی ہیں۔‘‘ تاہم ماسکو ہيلتھ ڈیپارٹمنٹ کے حکام نے خبر ایجنسی اے ايف پی کی ان رپورٹوں کی فوری طور پر تصديق کرنے سے انکار کرديا۔

Waldbrände Russland Dossierbild 3
روسی فائر بريگيڈ کا ایک کارکن بےبسی سے ایک جنگل میں لگی آگ کو دیکھتے ہوئےتصویر: AP

گذشتہ کئی عشروں کے دوران روس ميں پڑنے والی گرمی کی موجودہ شديد ترين لہر سے سينکڑوں جگہوں پر جنگلوں میں آگ لگی ہوئی ہے اور کئی دنوں سے ماسکو کے وسطی علاقے گہرے دھوئیں کی زد میں ہیں۔ وہاں سے یہ دھواں ہمسايہ ملک فن لينڈ تک بھی پہنچ رہا ہے۔

ماسکو سے بیسیوں کلو ميٹر دور ديہی علاقوں کے جنگلات ميں بھڑکنے والی آگ کا کثيف سياہ دھواں شہر کے اندر فليٹس، مکانات، دفاتر، حتیٰ کہ زير زميں ريلوے یعنی ماسکو ميٹرو ميں بھی داخل ہو رہا ہے۔ بہت سے شہری شديد دھوئیں سے بچنے کے لئے سفيد اور نيلے رنگ کے حفاظتی ماسک پہنے ہوئے نظر آتے ہيں۔

ميڈيا کے مطابق ماسکو کے آسودہ حال شہری ایئر کنڈيشنڈ ہوٹلوں ميں راتيں گذار رہے ہيں۔ ميڈيا نے حکام پراس ماحولياتی تباہی کے نتيجے ميں پھیلنے والی بیماریوں اور اموات سے متعلق حقائق کو چھپانے کا الزام لگايا ہے۔

ماسکو کی ايمبولینس سروس کے لئے کام کرنے والے ايک ڈاکٹر نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتايا کہ حاليہ دنوں ميں ايمبولينس بلانے کے واقعات اور اموات ميں واضح اضافہ ہوا ہے۔ اس روسی ڈاکٹر نے بہت خراب حالات کار کی شکايت کی اور کہا: ’’گاڑيوں ميں ایئر کنڈيشننگ نہيں ہے اور بہت سے ایئر کنڈيشنر کام ہی نہيں کر رہے۔ گاڑيوں کے اندر درجہء حرارت 50 ڈگری سينٹی گريڈ تک پہنچ جاتا ہے۔ بعض اوقات کئی ڈاکٹر بے ہوش بھی ہوجاتے ہيں۔‘‘

Russland Brandkatastrophe Smog
گزشتہ چند روز سےماسکو کے شہریوں میں سانس کی بیماریوں میں بہت اضافہ ہو گیا ہےتصویر: AP

ماسکو کے ايک بڑے ہسپتال کے ايک سرجن نے بھی يہی کہا کہ دھوئیں اور گرمی کی وجہ سے مريضوں اور طبی عملے دونوں کو ہی جان ليوا صورتحال کا سامنا ہے۔ اس سرجن نے روسی اخبار ’کومرسانٹ‘ کو اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتايا کہ ایئر کنڈيشنر صرف انتظاميہ کے زیر استعمال منزل پر ہی چل رہے ہيں۔ اس ہسپتال کے کمروں ميں گرمی 30 ڈگری سينٹی گريڈ تک پہنچ جاتی ہے اوران حالات ميں کام کرنا بہت مشکل ہوگيا ہے۔

ماسکو میں محکمہء صحت کے سربراہ سيلتسووسکی نے کہا کہ زيادہ مردوں کو مردہ خانوں ميں رکھنا اس لئے بھی مشکل ثابت ہو رہا ہے کہ عام شہری اپنے پياروں کو دفنانے سے پہلے کئی دنوں تک انتظار کرنا چاہتے ہيں۔ اس سے صورتحال مزید پيچيدہ ہو رہی ہے۔ ماسکو کے بہت سے شہری ماحولياتی مسائل کی ذمہ داری حکام پر ڈالتے ہوئے يہ کہہ رہے ہيں کہ وہ انہيں گرمی اور دھوئيں سے بچانے کے لئے کافی ثابت ہونے والے ضروری اقدامات نہيں کر رہے۔

Russland Feuer
ماسکو سے 180 کلوميٹر جنوب مشرق کی طرف ایک جنگل میں لگی آگ، جو کئی دنوں سے بجھائی نہیں جا سکیتصویر: AP

اس دوران حکام يہ کہہ رہے ہیں کہ پیر کی رات اور منگل تک صورتحال مزيد خراب ہو جائے گی ليکن اسی ہفتے کے دوران اس ميں بہتری آ سکتی ہے۔ ماسکو ميں ہوائی آلودگی کی نگرانی کرنے والے رياستی مرکز ماسکو مانيٹرنگ کے مطابق شہر ميں کاربن مونو آکسائیڈ گيس کی مقدار غير مضرمقدار سے دگنا ہو چکی ہے۔ اس مرکز کی ترجمان ايلينا ليسينا نے کہا: ’’اس وقت يہاں دھواں بہت زيادہ ہے۔ آلودگی ميں اضافہ ہورہا ہے۔‘‘

اتوار کو ماسکو کی فضا میں خطرناک کاربن مونو آکسائیڈ گيس کی مقدار اس سے تين گنا زيادہ اور ہفتے کو ساڑھے چھ گنا زيادہ تھی۔ موسمی پيشین گوئی کرنے والے ماہرين کے مطابق اميد ہے کہ رواں ہفتے کے وسط ميں بدلتی ہوئی ہواؤں کی وجہ سے فضا کچھ صاف ہوجائے گی۔ پھر بھی گرمی اگلے چند دنوں تک جاری رہے گی، جس میں آئندہ ہفتے کے شروع تک کچھ کمی آ سکے گی۔

ہنگامی حالات کے وزير سیرگئی شوئيگو نے ٹيلی وژن پر کہا کہ ماسکو کے 11 ملين شہری دھوئيں اور دھند سے تنگ آ چکے ہيں۔ انہوں نے وعدہ کيا کہ ماسکو کے ارد گرد کے جنگلاتی علاقوں ميں سینکڑوں جگہوں پر لگی آگ اسی ہفتے مکمل طور پر بجھا دی جائے گی۔

روس ميں تقریباً 557 مقامات پر ابھی تک آگ لگی ہوئی ہے، جو ابھی تک ايک لاکھ 74 ہزار ہيکٹر يا چار لاکھ 30 ہزار ايکڑ رقبے کو اپنی لپيٹ ميں لئے ہوئے ہے۔ ہنگامی حالات کے وزير کا کہنا ہے کہ يہ صورت حال گزشتہ ويک اينڈ کے مقابلے ميں تھوڑی سی بہتر ہے۔ پیر کے روز روسی دارالحکومت پر جنگلاتی آگ کی وجہ سے پھیلنے والے دھوئيں کے بادل چھا جانے کو چار دن ہو گئے۔

رپورٹ: شہاب احمد صدیقی

ادارت: مقبول ملک