1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جونئیر ہاکی:بھارتی ٹیم نے پاکستان کا دورہ منسوخ کر دیا

طارق سعید، لاہور10 نومبر 2008

بھارت کی جو نیئر ہاکی ٹیم نے اپنی حکومت کی جانب سے سیکورٹی کلیئرنس نہ ملنے کی وجہ سے آخری موقع پر پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار کر دیا۔

https://p.dw.com/p/Fr67
بھارتی ٹیم کا دورہ پاکستان منسوخ ہونتے سے دونوں ملکوں کے درمیان کھیلوں کی سرگرمیوں پر منسفی اثرات پڑنے کے امکانات بڑھ گئی ہیںتصویر: AP

بھارتی ٹیم کو پاکستان کے خلاف پانچ جونئیر ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے کےلئے پیر کو براستہ واہگہ بارڈر لاہور پہنچنا تھا مگر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مہمانوں کے استقبال کے لئے بارڈر پر کیے گئے تمام انتظامات دھرے رہ گئے اور شام کو دن بھر کے صبر آزما انتظار کے بعد معلوم ہوا کہ کلیئر نس نہ ملنے کی وجہ سے یہ سیریز منسوخ کر دی گئی ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر قاسم ضیاءنے بھارت کے انکار پر برہمی کا اظہار کرتے ہوےڈوئچے ویلے کو بتایا کہ اس سیریز کا اہتمام ہم نے انڈین ہاکی فیڈریشن کی درخواست پر کیا تھا او ر پانچ شہروں میں میچوں کے انتظامات پر اچھے خاصے اخراجات کیے مگر آخری موقع پر انہوں نے آنے سے انکار کر دیا ۔

قاسم ضیاءنے بتایا کہ انکا بھارتی ہاکی فیڈریشن سے رابطہ ہوا ہے جن کا موقف ہے کہ انکی ٹیم واہگہ بارڈر پار کرنے کےلئے امرتسر پہنچ گئی تھی مگر ان کی وزارت خارجہ نے وزارت کھیل کو یہ دورہ نہ کرنے کی ہدائیت کر دی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وزیر اعظم سے لے کر ہر سطح پر سےریز کو منسوخی سے بچانے کے لئے سفارتی کوششیں کی گئیں مگر وہ کارگر ثابت نہ ہوئیں۔

ماضی کے عالمی شہرت یافتہ فل بیک قاسم ضیاءکا کہنا تھا کہ اگر یہ دورہ پاکستان میں سیکورٹی کا بہانہ بنا کر منسوخ کیا گیا ہے تو دو روز پہلے بھارتی حکام نے اپنی ٹیم کے ویزے کیوں حاصل کیے۔

پی ایچ ایف کے صدر نے خبر دار کیا کہ مستقبل میں پاکستان ہاکی ٹیم بھی وزارت خارجہ کی خصو صی اجازت کے بغیر بھارت کا جوابی دورہ نہیں کرے گی کیونکہ اب یہ معاملہ فیڈریشنوں سے نکل کر دونوں ملکوں کے سےکریٹریزخارجہ کی سطح تک پہنچ گیا ہے۔واضح رہے کہ اگلے برس فروری میں پاکستان کو بھارت میں ہونے والے چار ملکی ملکی ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کرنا ہے۔

بھارتی جو نیئر ٹیم کو پرو گرام کے مطابق پاکستان جو نیئر ٹیم کے خلاف کراچی ، راولپنڈی، فیصل آباد ، سیالکوٹ اور لاہور میں پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنا تھی۔دورہ کا پہلا میچ منگل کو ہاکی کلب آف پاکستان سٹیڈیم کراچی میں شیڈول تھا ۔قاسم ضیاءنے بتایا کہ اب پاکستان جونیئرٹیم سابق اولمپئنز کے خلاف کراچی اور لاہور میں نمائشی میچ کھیلے گی۔