1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جیمز بانڈ کے پرستاروں کا انتظار ختم

4 نومبر 2011

کہتے ہیں صبر کا پھل میٹھا ہوتا ہے۔ جیمز بانڈ کے پرستاروں کے لیے اب انتظار کی گھڑیاں بلآخر ختم ہوئیں کیونکہ پروڈیوسرز نے رواں ہفتے جمعرات کو جیمز بانڈ سیریز کی نئی فلم ‘سکائی فال’ کی فلم بندی کا اعلان کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1357B
تصویر: AP

یہ جیمز بانڈ سیریز کی 23 ویں اور ڈینیل کریگ کی بطورِ برطانوی جاسوس تیسری فلم ہو گی۔ کریگ نے میڈیا کو بتایا کہ فلم کے ہدایت کار سیم مینڈز نے فلم کو لندن، سکاٹ لینڈ، ترکی اور چین میں فلمانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کریگ 2008 کی ‘کوانٹم آف سولاس’ کے بعدایک بار پھر اس کردار کو نبھائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وہ اس فلم کے حوالے سے بے حد پُرجوش ہیں۔

2008 کے بعد اس فلم پر کام کو ملتوی کر دیا گیا تھا، جس کے بعد بانڈ کا مستقبل غیر یقینی دکھائی دے رہا تھا۔ اس کے علاوہ 2010 میں ایم جی ایم اسٹوڈیوز کو دیوالیہ پن کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا لیکن ایم جی ایم کی نئی انتظامیہ اور EONپروڈکشنز نے ہمت نہ ہاری اور جیمز بانڈ کو ایک مرتبہ پھر منظرِ عام پر لانے کا فیصلہ کیا۔

فلم میں کریگ کے ولن کا کردار ہسپانوی اسٹار ژاویئر برڈیم نبھائے گے۔ ان کے علاوہ فلم میں برطانوی اداکار ایلبرٹ فینے، ریلف فینس اور بین ویشا بھی نظر آئیں گے جبکہ جوڈی ڈینچ جاسوس چیف ۔ ایم کے طور پر واپس آئیں گی۔ فلم میں دو نئی بانڈ گرلز متعارف کرائی جائیں گی۔

80. Oscar-Verleihung Javier Bardem bester Schauspieler
فلم میں کریگ کے ولن کا کردار ہسپانوی اسٹار ژاویئر برڈیم نبھائے گے.تصویر: picture-alliance/ dpa

انگریزی اداکارہ ناومی حارس ایک فیلڈ ایجنٹ کے طور پر اور فرانسیسی برنیس مارلو ایک گلیمرس کردار میں نظر آئیں گی۔

ہدایت کار مینڈز نے بتایا کہ یہ فلم ایک کلاسک بانڈ فلم کی مثال ہو گی۔ مینڈز اس سے پہلے Revolutionary Road اور The Road of Perdition جیسی ڈرامائی فلموں سے بطورِ ہدایت کار ناظرین کا دل جیت چکے ہیں۔ انہوں نے کہا،’ایکشن فلموں کی دنیا میرے لئے نئی ہے، اورمیں نے اسے تہہ دل سے قبول کیا ہے۔‘

افواہوں کی تلافی کرتے ہوئے پروڈیوسرز نےاس بات پر اصرار کیا کہ انہوں نے بانڈ کے بجٹ میں کوئی کمی بیشی نہیں کی۔ یاد رہے کہ 2008 کی ‘کوانٹم آف سولاس’ تقریباﹰ 200 ملین ڈالر کے بجٹ سے تیار کی گئی تھی۔

سکائی فال 26 اکتوبر 2012 کو برطانیہ میں اور 9 نومبر 2012 کو امریکہ میں ریلییز ہو گی۔ اگلے برس 007 سیریز کی پہلی فلم کو ریلیز ہوئے ٹھیک پچاس سال کا عرصہ بیت جائے گا۔

رپورٹ: عائشہ حسن

ادارت: عاطف توقیر