1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جیکسن کی وصیت اور بچوں کی تحویل

29 جون 2009

مائیکل جیکسن کی وفات کے بعد ان کے گھر والوں کی طرف سے وصیت اور بچوں کی تحویل سے متعلق کوششیں تیز تر۔

https://p.dw.com/p/IddN
مائیکل جیکسن کروڑوں لوگوں کو سوگوار کر گئےتصویر: AP

مائیکل جیکسن کے خاندان کے افراد نے کہا ہے کہ وہ آنجہانی جیکسن کے بچوں کی تحویل، ان کی جایئداد اور وصیت نامے کے حصول کے لئے ممکنہ قانونی کارروائی کررہے ہیں۔ اسی سلسلے میں ان کے عزیزو اقارب نے اتوار کے روز Londell McMillan کو وکیل مقرر کیا اور انہیں مائیکل جیکسن کے خاندان کی طرف ترجمانی کا اختیار دیا گیا۔

میک ملن نے ٹی وی چینل سی این این پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا خاندان جیکسن کے تین بچوں کی محفوظ ترین تحویل کے ساتھ ساتھ ان کی وصیت نامے تک رسائی بھی چاہتا ہے۔ میک ملن نے مذید بتایا کہ جیکسن کے قریبی رشتہ دار ان کی لاش کے پوسٹ مارٹم کی رپوٹ کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں اور انہوں نے ایک نجی ماہر تفتیش کو جیکسن کی لاش کے دوبارہ پوسٹ مارٹم کے لیے مقرر کر دیاتھا۔ دریں اثناء جیکسن کا دوسرا پوسٹ مارٹم ہفتے کے روز ایک نا معلوم مقام پر کیاگیا۔

جیکسن کے تین بچوں کی تحویل کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے میک ملن نے کہا کہ بچوں کی تحویل سے متعلق قانونی کارروائی نہایت کشیدہ اور تلخ تجربات پر مبنی ہو سکتی ہیے۔ تاہم جیکسن کی والدہ کیتھرین جیکسن بچوں کی تحویل کے متعلق کارروائی میں حصہ لیں گی۔ جیکسن کی وفات کے بعد کیتھرین ہی بچوں کی نگہداشت کررہی ہیں۔

میک ملن کے مطابق بچے اپنی دادی کے پاس محفوظ ہیں۔ ان کے خیال میں دادی سے بہتر نگہبانی کوئی اور نہیں کر سکتا۔

میک ملن نے مذید بتایا کہ جیکسن کے رشتہ داروں میں وصیت نامے کے بارے میں ایک بے یقینی پائی جاتی ہے کیونکہ ابھی تک مائیکل کا وصیت نامہ منظر عام پر نہیں آیا ہے۔ تاہم کیلیفورنیا کے قانوں کے مطابق اگر جیکسن کا کوئی وصیت نامہ بر آمد نہ ہوا تو ان کی ساری جائیداد ان کے ورثاء کی ملکیت تصور کی جائے گی اور بچوں کے موروثی حقوق کے تحفظ کے لئے انکی نگرانی خاندان کے ذمہ دار افراد کے سپرد ہوگی۔

جیکسن کے والد کا کہنا ہے کہ انہیں اپنے بیٹے کی وفات سے متعلق تفصیلات پر بہت تشویش ہے اور خاص طور پر جیکسن کے ڈاکٹر کے بارے میں، جیسا کہ وہ آخری فرد تھے جو جیکسن کے ساتھ دیکھے گئے تھے۔ جبکہ دوسری طرف ڈاکٹر Conrad Murray کے وکیل کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر مرے کے ہاتھ صاف ہیں اور انہیں اس کارروائی سے بری کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر مرے کے وکیل نے پہلی بار جیکسن کو لگائے گئے ٹیکے کی لیبارٹری رپورٹوں کو غلط قرار دیا ہے۔

جیکسن کی تدفین کے بارے میں ان کے خاندان نے ابھی تک کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا تاہم غیر سرکاری طور پرلاس اینجلس میں قائم شرائن ایڈیٹوریم میں منعقد ہ تقریب کے موقع پر ہالی ووڈ کے متعدد ستاروں نے مائیکل جیکسن کو خراج عقیدت پیش کیا۔

مشہور پاپ سٹار Diddy Combs کے مطابق جیکسن ایک عظیم انسان تھا اور امریکی صدر باراک اوباما کے صدر بننے میں انکا ایک اہم کردار ہے۔ کیونکہ سب سے پہلے آنجہانی جیکسن نے سیاہ فام امریکی باشندوں کے بارے میں پائے جانے والے تعصبات کو ختم کرنے کی غیر معمولی کوششیں کی تھیں جن کے سبب ان امریکی باشندوں کے بارے میں دنیا بھر میں پائے جانے والے نظریات میں واضح تبدیلی رونماء ہوئی۔

جیکسن کی وفات کے بعد ان کی موسیقی کا گراف ایک بار پھر آسمانوں کی بلندی کو چھو رہا ہے۔ میوزک ریکارڈ کرنے والی ایک معروف کمپنی HMV کے ترجمان کے مطابق صرف ایک رات میں ان کے میوزک البمز کی مانگ میں اسی فیصد اضافہ ہوا۔


رپورٹ : عروج رضا

ادارت : کشورمصطفیٰ