1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جیکسن کے دستانے کی نیلامی

28 جون 2010

معروف پاپ اسٹار مائیکل جیکسن کی بعض ذاتی اشیا کی امریکہ میں نیلامی ہوئی ہے۔ اس موقع پر ان کا ایک دستانہ ایک لاکھ 90 ہزار ڈالر میں فروخت ہوا ہے۔ مرحوم گلوکار نے یہ دستانہ 1994ء کے وکٹری ٹور کے دوران پہنا تھا۔

https://p.dw.com/p/O4eh
مائیکل جیکسن نے یہ سنہری دستانہ وکٹری ٹور کے دوران پہناتصویر: AP

یہ نیلامی لاس ویگاس میں پلینیٹ ہالی وُڈ کے جولینز آکشنز میں منعقد کی گئی، جہاں مائیکل جیکسن کی 200 سے زائد ذاتی اشیا نیلامی کے لئے پیش کی گئیں۔ ان اشیا کی فروخت سے مجموعی طور پر دس لاکھ ڈالر سے ذرا ہی کم رقم حاصل ہوئی۔ بعض اشیا کی بولی تو اندازے سے دس گُنا زائد تھی۔

نیلامی کے منتظمین نے ایک بیان میں کہا، ’’اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مائیکل جیکسن کتنے بڑے سٹار تھے، ان کی مثال نہیں ملتی۔ ہم نے انہیں کھو کر جانا کہ وہ کتنے کھَرے لیجنڈ تھے۔‘‘

منتظمین نے نیلامی کے نتائج کو حیرت انگیز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بولی میں حصہ لینے کے لئے روس اور ایشیا کے مختلف ممالک سے لوگ لاس ویگاس پہنچے۔

- Michael Jackson Trauerfeier Flash-Galerie
مائیکل جیکسن گزشتہ برس جون میں انتقال کر گئےتصویر: picture alliance/dpa

اس نیلامی میں مائیکل جیکسن کی ایک جیکٹ ایک لاکھ 20 ہزار ڈالر میں فروخت ہوئی، حالانکہ اندازہ تھا کہ اس کے لئے چھ ہزار سے آٹھ ہزار ڈالر تک کی بولی لگائی جائے گی۔ اس موقع پر جیکسن کی ایک ٹوپی کے لئے 56 ہزار ڈالر سے زائد کی بولی لگی۔

گزشتہ برس مائیکل جیکسن کی موت کے بعد ستمبر میں منعقد کرائی گئی ایک نیلامی میں ان کا ایک دستانہ 40 ہزار ڈالر میں فروخت ہوا تھا۔

مائیکل جیکسن نے ایک عرصے تک دنیائے موسیقی پر حکمرانی کی۔ گزشتہ جمعہ کو مائیکل جیکسن کی پہلی برسی منائی گئی۔ اس موقع پر دُنیا بھر میں ان کے پرستاروں نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں