1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جی ٹوئنٹی اجلاس: ’عالمی رہنماؤں میں عدم اتفاق‘

12 نومبر 2010

جی ٹوئنٹی گروپ کا خصوصی اجلاس جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں جاری ہے۔ یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ اجلاس ’کرنسی وار’ اور تجارتی عدم توازن کے موضوع پر امریکہ اور چین کے درمیان تنازعے کا باعث بھی بنے گا۔

https://p.dw.com/p/Q6bK
تصویر: AP

خبررساں ادارے اے پی کا کہنا ہے کہ جی ٹوئنٹی کے اجلاس کے آغاز سے ہی وہاں مایوسی کی فضا چھائی دکھائی دیتی ہے۔ امریکی صدر باراک اوباما سمیت وہاں پہنچنے والے تمام عالمی رہنما کرنسی اور تجارتی پالیسیوں پر اختلافات کے شکار ہیں۔ اے پی نے جی ٹوئنٹی کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ مندوبین کسی لائحہ عمل کی تیاری کے لئے رات بھر کام جاری رکھیں گے، تاکہ جمعہ کی نشست میں کوئی ٹھوس بات سامنے آ سکے۔

اس کے ساتھ ہی رکن ممالک کی کرنسی پالیسیاں بھی اس اجلاس کے ایجنڈے پر حاوی رہ سکتی ہیں۔ تاہم جمعرات کو اجلاس کے آغاز سے قبل امریکی صدر باراک اوباما نے شرکاء پر زور دیا کہ عالمی معیشت کی بحالی کے لئے مل کر کام کریں۔ انہوں نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ اس حوالے سے کوئی بھی سمجھوتہ معاشی توازن اور پائیدار شرح نمو میں مدد دے گا۔ باراک اوباما نے امریکی معیشت کو سہارا دینے کے لئے 600 ارب ڈالر کی فراہمی کی اپنی پالیسی کا بھی دفاع کیا ہے۔

امریکی صدر نے سیول میں جرمن چانسلر انگیلا میرکل سے بھی ملاقات کی۔ تاہم میرکل نے اس اجلاس کے پہلے روز کسی بھی ملک کے تجارتی خسارے یا سرپلس کو محدود کرنے کی امریکی تجویز رد کر دی۔ انہوں نے کہا، ’کرنٹ اکاؤنٹ خسارے یا سرپلس کے لئے حدبندی کرنے کا معاشی لحاظ سے کوئی جواز نہیں، یہ عمل سیاسی اعتبار سے بھی مناسب نہیں۔‘

Barack Obama Angela Merkel G20 Seoul NO FLASH
باراک اوباما انگیلا میرکل کے ساتھتصویر: AP

اُدھر روس کے وزیر خزانہ الیکسی کُودرین نے کہا ہے کہ جی ٹوئنٹی گروپ میں میکرواکنامک پالیسی کے اہداف متعارف کرانے کے لئے اقدامات پر اتفاق ہو سکتا ہے۔ انہوں نے سیول میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا، ’ایسی تجاویز ایک روڈ میپ کے تحت تیار کی جائیں گی، جس کے ساتھ اس کے لئے ٹائم فریم بھی طے کیا جائے گا۔‘

خیال رہے کہ جی ٹوئنٹی گروپ کا خصوصی اجلاس پہلی مرتبہ کسی ایشیائی ملک میں ہو رہا ہے، جو عالمی معیشت کی بحالی اور مستقبل میں ایسے کسی بحران سے بچاؤ کے لئے عالمی کوششوں کا مرکز بنا ہوا ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: کشور مصطفیٰ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں