1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

حسنی مبارک کے بعد مصر کا مستقبل روشن نظر آ رہا ہے: امرموسیٰ

11 مئی 2011

عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل نے جرمن دارالحکومت میں چانسلر میرکل سے ملاقات کے موقع پر عرب معاشروں میں جمہوریت کے نفاذ اور جمہوریت پسند عناصر کی جد وجہد کے لیے پورپی حمایت کا خیر مقدم کیا۔

https://p.dw.com/p/11Dgs
جرمن چانسلر نے عرب ممالک میں جمہوریت کے فروغ کی حمایت کا یقین دلایا ہےتصویر: dapd

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے مشرق وسطیٰ میں جاری تمام جمہوریت پسند تحریکوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ ساتھ ہی میرکل نے مشرق وسطیٰ کے خطے میں اقتصادی ترقی پر بھی زور دیا ہے۔ جرمن چانسلر نے گزشتہ روز برلن میں عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل امر موسٰی کے ساتھ ملاقات کی۔ اس موقع پر میرکل نے کہا: ’’مشرق وسطیٰ کے خطے میں پُر امن اور جمہوری ترقی کا دار ومدار اس امر پر ہے کہ وہاں کے عوام معاشی طور پر بہتر زندگی گزار سکیں۔‘‘ میرکل نے مزید کہا کہ خوشحالی ہر اُس ملک میں آ سکتی ہے جو اس کے لیے کوششں کرے۔ میرکل نے امر موسٰی کے ساتھ دو طرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کے علاوہ گزشتہ چند ماہ کے دوران مصر، تیونس، لیبیا اور شام میں آنے والی تبدیلیوں کے بارے میں بھی بات چیت کی۔ میرکل کا کہنا تھا کہ اگراس امر کو مد نظر رکھا جائے کہ عرب دنیا کی آبادی کتنی جوان ہے، تو پھر ہمیں اندازہ ہوتا ہے کہ ہمیں کن چیلنجز کا سامنا ہے اور یہ کہ یورپی ریاستوں کے ساتھ عرب ممالک کے تعاون اور اشتراک عمل سے کیا توقعات وابستہ کی جا سکتی ہیں۔

Treffen von Mubarak und Gaddafi
میرکل اور امر موسیٰ نے لیبیا اور مصر کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیاتصویر: picture-alliance/dpa

عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل نے جرمن دارالحکومت میں چانسلر میرکل سے ملاقات کے موقع پر عرب معاشروں میں جمہوریت کے نفاذ اور جمہوریت پسند عناصر کی جد وجہد کے لیے پورپی حمایت کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ یورپ کی طرف سے یہ حمایت ایک ایسے وقت میں کی جا رہی ہے جب عرب دنیا ایک نازک دور سے گزر رہی ہے۔ امر موسٰی نے کہا: ’’ ہم وقت کا مقابلہ کر رہے ہیں اور ان حالات میں یورپ، جرمنی اور تمام دنیا کی طرف سے ہمیں جو حمایت مل رہی ہے ہم اُس کے لیے بہت شکر گزار ہیں۔‘‘ امر موسٰی کا مزید کہنا تھا کہ عرب ممالک میں ہر کوئی جمہوریت، بہتر اقتصادی صورتحال اور زیادہ سے زیادہ سکیورٹی کا خواہاں ہے۔ یہی عرب ممالک کے عوام چاہتے ہیں اور انہی مقاصد کے حصول کے لیے عرب لیگ کام کر رہی ہے۔ امر موسٰی کا کہنا تھا: ’’ مُجھے امید ہے کہ ہم کامیاب ہوں گے۔‘‘

Genaralsekretär der Arabischen Liga Amr Mussa
عرب لیگ کے سکریٹری جنرل امر موسیٰتصویر: AP

عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل اور سابق مصری وزیر خارجہ امر موسٰی نے خاص طور سے مصر کی صورتحال کو امید افزا قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حسنی مبارک کے دور اقتدار کے خاتمے کے بعد مصر کا مستقبل روشن نظر آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مبارک کی اقتدار سے علیحدگی اس امر کا ثبوت ہے کہ مصری عوام نے وہ کچھ حاصل کر لیا جس کی وہ جدو جہد کر رہے تھے۔

رپورٹ: کشور مصطفٰی

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں