1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

حسن سردار ہاکی ٹیم کے نئے چیف سیلیکٹر ہوں گے

23 اکتوبر 2008

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سربراہ قاسم ضیا نے نئی سیلیکشن کمیٹی اور جونئیر ٹیم مینیجمنٹ کا اعلان کر دیا۔ سابق ہاکی کپتان حسن سردار سلیکشن کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔

https://p.dw.com/p/Ffbg
تصویر: AP

یہ اعلان پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر قاسم ضیاء نے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے بتایا کہ قومی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین حسن سردار ہوں گے جبکہ ممبران میں رانا مجاہد، فرحت خان، محمد شفیق اور خالد بشیر شامل ہیں۔ جونیئر ٹیم کا چیف کوچ قمرابراہیم جب کہ کوچ دانش کلیم اوراسسٹنٹ کوچ احمد عالم کو مقرر کیا گیا ہے۔

فاتح کپتان اصلاح الدین صدیقی، اختر رسول اور شہباز سینئر کے علاوہ سینئر اور جونیئر ٹیموں کے چیف کوچز، سیکریٹری اور فارن کنسلٹنٹ پر مشتمل ایگزیکٹو کمیٹی تھنک ٹینک کے طور پر کام کرے گی۔ قاسم ضیاء کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز کے سلسلے میں دو روزہ ٹرائلز کے بعد اسی کھلاڑیوں کو کیمپ کے لئے شارٹ لسٹ کیا جائے گا۔

اس موقع پر سیلیکشن کمیٹی کے نومنتخب سربراہ حسن سردار نے کہا کہ کسی کھلاڑی کو زبرداستی ریٹائرمنٹ پر مجبور نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا ’’ میں یہی چاہتا ہوں کہ جتنے بھی سنیئر کھلاڑی فٹ ہیں انہیں زیادہ سے زیادہ کھلایا جائے۔ ہم کسی کو بھی جلدی رئیٹائرڈ نہیں کریں گے‘‘۔

صدر ہاکی فیڈریشن قاسم ضیا کا کہنا تھا کہ شہباز سینئر اور منظور جونئیر کوئی عہدہ سنبھالنے پر تیار نہیں تھے اور انہوں نے ہاکی فیڈریشن کو اپنی عدم دستیابی سے آگاہ کر دیا تھا تاہم سنئیر کھلاڑیوں سے مشاورت اور معاونت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور ان کے تجربے سے استفادہ کیا جائے گا۔