1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

حماس کے اہم رہنما کی گرفتاری

14 مارچ 2010

اسرائیلی فوج کے مطابق عسکریت پسند فلسطینی گروپ حماس کے عسکری بازو کے ایک اہم رہنما کو مغربی کنارے سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ حماس نے اپنے رہنما کی گرفتاری کے لئے فلسطینی سیکیورٹی فورسز کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

https://p.dw.com/p/MSjF
تصویر: DW

اسرائیلی فوج کی جانب سے اتوار کے روز جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ گرفتار ہونے والے 47 سالہ ماہر عودہ حماس کے عسکری بازو کے بانیوں میں سے ایک تھے اور انہیں مغربی کنارے کے علاقے راملہ سے ہفتے کی شب گرفتار کیا گیا۔

ماہرعودہ گزشتہ دس برسوں سے اسرائیل کو انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل ہیں اور ان پر نوے کی دہائی کے اختتام پر اسرائیل میں ہونے والے سلسلہ وار خودکش حملوں کی منصوبہ بندی کی ذمہ داری عائد کی جاتی ہے۔ تقریبا دس برس قبل پیش آنے والے ان واقعات میں 70 اسرائیلی شہری مارے گئے تھے۔

اسرائیلی فوج کے ایک ترجمان نے فرانسیسی خبررساں ادارے AFP کو بتایا کہ عودہ کی قیادت میں کام کرنے والا حماس کا یہ عسکری بازو اسرائیلی سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور اسرائیل کا ساتھ دینے والے فسلطینیوں کے اغواء میں بھی ملوث رہا ہے۔

حماس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں عودہ کی گرفتاری کی تصدیق کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ماہر عودہ کی گرفتاری محمود عباس اور فلسطینی اتھارٹی کی عملداری والے علاقے سے ہوئی اور اس کے لئے فلسطینی سیکیورٹی فورسز نے اسرائیلی فوج کی مدد اور معاونت کی۔ فی الحال اس خبر کے حوالے سے فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

اسرائیلی سیکیورٹی فورسز اور الفتح تنظیم کی فلسیطینی قیادت مغربی کنارے میں سن 2007ء سے عسکریت پسند حماس سے نمٹنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : عابد حسین