1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’’حملہ آوروں نے بھارتی فوجی کے اعضاء کا ٹ دیے‘‘

بینش جاوید
22 نومبر 2016

بھارتی فوج نے الزام عائد کیا ہے کہ تین بھارتی فوجی لائن آف کنٹرول پر حملہ آوروں کے ہاتھوں مارے گئے ہیں۔ بھارتی فوج نے الزام عائد کیا ہے کہ حملہ آوروں نے ایک بھارتی فوجی کے جسم کے اعضاء کو بھی کاٹ دیا۔

https://p.dw.com/p/2T5PP
Kaschmir Grenzstreitigkeiten Indien Pakistan Verletzung Waffenruhe
تصویر: picture-alliance/dpa/A. Mughal

نیوز ایجنسی اے پی کے مطابق بھارت کی فوج کے ترجمان کرنل راجیش کالیا کا کہنا تھا، ’’ اس بزدلانہ حملے کا بدلہ ضرور لیا جائے گا۔‘‘ اے پی کے مطابق کرنل کالیا نے پاکستان کو براہِ راست اس حملے کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا۔

ایک بھارتی فوجی افسر نے اپنا نام خفیہ رکھنے کی شرط پر نیوز ایجنسی اے پی کوبتایا، ’’ سرحد پار کرکے بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں داخل ہونےو الے مشتبہ افراد تین بھارتی فوجیوں پر حملہ آور ہوئے۔ اِن حملہ آوروں نے ایک بھارتی فوجی کے اعضاء کو بھی کاٹ دیا۔ ‘‘

پاکستان کے دفتر خارجہ نے بھارتی فوجی کے اعضاء کاٹے جانے اور حملہ آوروں کے پاکستان سے بھارت میں داخل ہونے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے ، ’’پاکستان بھارت کے اِن بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتا ہے۔ پاکستانی فوج کسی غیر اخلاقی سرگرمی میں ملوث نہیں ہے نہ ہی ایسے کسی فعل کی حمایت کرتی ہے۔‘‘

پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریہ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا، ’’پاکستان لائن آف کنٹرول پر کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔ ‘‘