1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

حنا ربانی کھر پہلی خاتون وزیر خارجہ بن گئیں

20 جولائی 2011

حنا ربانی کھر پاکستان کی پہلی خاتون وزیر خارجہ بن گئی ہیں۔ وہ یہ عہدہ سنبھالنے والی کم عمر ترین وزیر بھی ہیں۔ انہوں نے منگل کو وزارت خارجہ کا قلمدان سنبھالا۔

https://p.dw.com/p/11zto
حنا ربانی کھرتصویر: picture alliance/dpa

پاکستانی وزارتِ خارجہ نے بیان میں کہا ہے: ’’وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے مشورے پر، صدرِ پاکستان نے حنا ربانی کھر کو وزیر خارجہ کے عہدے پر ترقی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘

انہیں بھارت کے ساتھ اہم امن مذاکرات سے کچھ ہی دِن قبل یہ عہدہ دیا گیا ہے۔ چونتیس سالہ حنا ربانی کی رواں ہفتے انڈونیشیا میں آسیان کے اجلاس کے موقع پر امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن سے ملاقات بھی متوقع ہے۔

وزارت خارجہ کے مطابق حنا ربانی انڈونیشیا سے واپسی پر بھارت روانہ ہو جائیں گی، جہاں وہ وزارتی سطح کے مذاکرات میں شریک ہوں گی۔

انہوں نے منگل کو قائم مقام صدر فاروق نائیک کے سامنے حلف اٹھایا۔ پاکستانی صدر آصف زرداری دورہ افغانستان پر تھے۔

خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بعض تجزیہ کاروں نے حنا ربانی کی تقرری پر سوال اٹھائے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جونیئر وزیر خارجہ کے طور پر پانچ ماہ تک ذمہ داریاں سنبھالنے کے باوجود کیا وہ اتنا تجربہ رکھتی ہیں کہ سفارتی لحاظ سے مشکل وقت میں پاکستانی کی خارجہ پالیسی کو آگے بڑھا سکیں۔

UN Pakistan Außenminister Shah Mahmood Qureshi zu Hilfe aus Indien
شاہ محمود قریشیتصویر: AP

سیاسی تجزیہ کار حسن عسکری کا کہنا ہے کہ حنا ربانی کی تقرری سے خارجہ پالیسی سازی میں وزارت خارجہ کا کردار کم ہو جائے گا جبکہ اس تاثر کو ہوا ملے گی کہ خارجہ پالیسی کہیں اور طے پاتی ہے۔

حسن عسکری نے کہا: ’’بین الاقوامی سطح پر انہیں سنجیدگی سے نہیں دیکھا جائے گا۔‘‘

حنا ربانی کھر کا تعلق پاکستانی صوبہ پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ سے ہے۔ وہ سابق فوجی حکمران پرویز مشرف کے دور حکومت میں جونیئر وزیر برائے اقتصادی امور رہیں۔ 2008ء کے انتخابات میں وہ موجودہ حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئی تھیں۔

سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو رواں برس فروری میں کابینہ میں تبدیلیوں کے وقت ہٹا دیا گیا تھا اور اس وقت سے اس عہدے کے لیے کوئی تقرری عمل میں نہیں آئی تھی۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبر رساں ادارے

ادارت: امتیاز احمد