1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

حکومت فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرے: یونانی پارلیمنٹ

عابد حسین22 دسمبر 2015

آج منگل کے روز یونانی پارلیمنٹ نے ایک قرارداد منظور کر کے حکومت سے کہا ہے کہ وہ فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرے۔ یونانی پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس فلسطینی لیڈر محمود عباس کے دورہٴ یونان کے دوران طلب کیا گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/1HRfn
محمود عباس اور یونانی وزیراعظم الیکسس سپراستصویر: Reuters/A. Konstantinidis

یونانی پارلیمنٹ کے صدر نکوس وُوٹسِس نے اعلان کیا ہے کہ پارلیمنٹ کے تمام اراکین نے اُس قرارداد کے حق میں ووٹ ڈالا ہے، جس میں حکومت سے سفارش کی گئی ہے کہ وہ فلسطین کو بطور ایک ریاست کے تسلیم کرے۔ وُوٹسس کے مطابق یہ قرارداد حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ ایسے اقدامات کرے جن سے فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے کا عمل سہل ہو سکے اور خطے میں امن مذاکرات کا سلسلہ بحال ہو سکے۔ اِس قرارداد پر عمل کرنا لازمی نہیں بلکہ حکومت اپنی پالیسی کو جاری رکھ سکتی ہے۔

ایسی قراردادیں برطانیہ، آئرلینڈ اور فرانس کی پارلیمانی اداروں نے منظور کر رکھی ہیں لیکن حکومتوں نے فلسطین کو بطور ریاست ابھی تک تسلیم نہیں کیا ہے۔

فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس ان دنوں یونان کے دورے پر ہیں۔ گزشتہ روز ان سے یونانی وزیراعظم الیکسس سپراس نے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات میں یونانی وزیراعظم نے فلسطینی لیڈر پر واضح کیا کہ اُن کی حکومت اب اپنی دستاویزات پر فلسطینی اتھارٹی کو ترک کر کے صرف ’فلسطین‘ استعمال کیا کرے گی۔ ملاقات کے موقع پر یونانی وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ عباس کے دورے سے فلسطینیوں اور یونانیوں کے ساتھ روایتی اور تاریخی تعلقات کو مزید استحکام حاصل ہو گا۔

Griechenland Besuch Mahmud Abbas
ایتھنز میں یونانی وزیراعظم فلسطینی لیڈر کا خیرمقدم کرتے ہوئےتصویر: Reuters/A. Konstantinidis

الیکسس سپراس کا کہنا تھاکہ اُن کی حکومت مناسب وقت پر فلسطین کو بطور ریاست کے تسلیم کرنے کا اعلان کرے گی اور یہ فیصلہ اسرائیل اور عرب ملکوں کے ساتھ تعلقات کے تناظر میں کیا جائے گا۔ یہ امر اہم ہے کہ گزشتہ ماہ یونانی وزیراعظم نے اسرائیل کے دورے پر بینجمن نیتن یاہو کے ساتھ ملاقات کے علاوہ فلسطینی لیڈر سے بھی ملاقات کی تھی۔ یونانی اور اسرائیلی وزرائے اعظم اگلے مہینے میں دو مختلف مقامات یروشلم اور قبرص میں ملاقاتیں کرنے والے ہیں۔

دوسری جانب یونانی پارلیمنٹ کی جانب سے قرارداد کی منظوری کے بعد اسرائیل کی نائب وزیر خارجہ سپی ہوتوولی نے فوری طور پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے ایک بیان جاری کیا ہے۔ ہوتوولی نے اپنے بیان میں کہا کہ محمود عباس اور فلسطینی اتھارٹی یک طرفہ اقدامات کے ذریعے خود کو جس انداز میں تسلیم کروا رہے ہیں، اُس کی عملاً کوئی حیثیت نہیں ہے۔ اسرائیل کی خاتون نائب وزیر خارجہ کے مطابق ابومیزن (محمود عباس کی عرفیت) اشتعال انگیزی اور دہشت گردی کے لیے سرمایے کی فراہمی کو روکنے کے بجائے ایک ایسے راستے پر جا رہے ہیں، جس کی کوئی منزل نہیں ہے۔