1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

خاتون کا گینگ ریپ، بچی کا قتل: تین میں سے ایک ملزم گرفتار

مقبول ملک اے ایف پی
7 جون 2017

بھارت میں ایک نوجوان خاتون کے گینگ ریپ اور اس کی شیر خوار بچی کے قتل کے تین ملزمان میں سے ایک کوگرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزمان نے اجتماعی جنسی زیادتی کے دوران اس خاتون کی نو ماہ کی بیٹی کو چلتے رکشے سے باہر پھینک دیا تھا۔

https://p.dw.com/p/2eGHf
Symbolbild Gruppenvergewaltigung in Indien
تصویر: picture-alliance/AP Photo/R. Maqbool

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سے بدھ سات جون کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق یہ خوفناک جرم بھارت میں خواتین کے خلاف جنسی جرائم کے بہت پریشان کن واقعات کے سلسلے کی تازہ ترین کڑی تھا، جس میں ایک نوجوان خاتون کو، جس کی عمر انیس بیس سال کے قریب ہے، ایک چلتے رکشے میں تین افراد نے گینگ ریپ کیا تھا۔

اس جرم کے ارتکاب کے دوران ملزمان نے اس خاتون کی ایک شیر خوار بچی کو، جس کی عمر صرف نو ماہ تھی، چلتے رکشے سے باہر پھینک دیا۔ یہ بچی سر پر لگنے والی شدید چوٹوں کی وجہ سے موقع پر ہی انتقال کر گئی تھی۔

ماں کا گینگ ریپ، رکشے سے باہر پھینکی گئی نو ماہ کی بچی ہلاک

بھارتی خاتون کا ’آٹھ سال تک ریپ کرنے والے‘ پنڈت سے انتقام

بھارت میں جرمن خاتون سیاح کا ریپ، ملزمان مفرور

یہ واقعہ نئی دہلی کے مضافات میں ریاست ہریانہ کے علاقے گڑگاؤں میں انتیس مئی کو رات گئے اس وقت پیش آیا تھا، جب یہ خاتون اپنی شیر خوار بچی کے ہمراہ گڑگاؤں میں ہی اپنے والدین کے گھر جا رہی تھی۔ حملے کا نشانہ بننے والی نوجوان خاتون کی شکایت پر مقدمہ درج کیے جانے کی تصدیق پولیس نے کل منگل چھ جون کو کی تھی۔

گڑگاؤں کے پولیس کمشنر سندیپ کھیرواڑ نے بدھ کے روز کہا، ’’متاثرہ خاتون نے بتایا تھا کہ اس کے ساتھ رکشا ڈرائیور اور رکشے میں پہلے سے سوار دو مردوں نے  اجتماعی جنسی زیادتی کی تھی، اور اپنے دفاع میں مزاحمت کرنے پر ملزمان نے اس کی نو ماہ کی بیٹی کو اس کی گود سے چھین کر چلتے رکشے سے باہر پھینک دیا تھا۔‘‘

Symbolbild - Proteste gegen Vergewaltigungen in Indien
بھارت میں ہر سال اوسطاﹰ ریپ کے 40 ہزار واقعات رونما ہوتے ہیںتصویر: Getty Images/N. Seelam

پولیس کمشنر کے مطابق، ’’ہم نے منگل کی رات مشتبہ ملزمان کے خاکے جاری کر دیے تھے۔ اب تک ان تین میں سے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ باقی دو کی تلاش جاری ہے۔‘‘ گڑگاؤں کے پولیس کمشنر نے صحافیوں کو بتایا کہ باقی ماندہ دونوں ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور انہیں بھی جلد ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔

نئی دہلی میں ہر چار گھنٹے میں ایک ریپ

چودہ سالہ لڑکی کا ریپ، بھارتی رکن پارلیمان گرفتار

بھارت میں خواتین کے ساتھ جنسی زیادتیوں اور گینگ ریپ کے واقعات انتہائی تشویش ناک حد تک زیادہ ہو چکے ہیں۔ صرف ملکی دارالحکومت نئی دہلی ہی میں 2015ء میں 2200 خواتین کو ریپ کیا گیا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ نئی دہلی میں اوسطاﹰ ہر روز چھ خواتین کو ریپ کر دیا جاتا ہے۔

اس کے علاوہ پورے بھارت میں ہر سال اوسطاﹰ ریپ کے 40 ہزار واقعات رونما ہوتے ہیں اور خاص کر دیہی علاقوں میں یہ شرح اس لیے بھی زیادہ ہے کہ وہاں متاثرہ خاتون کے خاندان کی بے عزتی کے خوف سے پولیس کو ایسے ہر جرم کی اطلاع نہیں دی جاتی اور اکثر مظلوم خواتین اپنی شکایت لے کر پولیس کے پاس جانے سے گھبراتی ہیں۔