1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’ خراب ‘ روشنی کا شکریہ

12 دسمبر 2007

بھارت اور پاکستان کے مابین سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا اور اس طرح بھارت نے ٹیسٹ سیریز ایک صفر سے جیت لی۔

https://p.dw.com/p/DYMY

میچ کے آخری دن بھارت نے اپنی دوسری اننگز چھہ وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنائے اور جیت کے لئے پاکستان کے سامنے 374 رنز کا ہدف رکھا۔پہلی اننگز میں پاکستان نے اینٹ کا جواب تو اینٹ ‘ سے ہی دیا تھا مگر دوسری اننگز میں ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ لڑ کھڑائی۔ٹیم کی وکٹیں یکے بعد دیگرے گرتی گئیں اور گرتی چلی گئیں ۔قدرے اچھے آغاز کے باوجود پاکستان نے 154 کے مجموعی سکور پر اپنی چھہ وکٹیں گنوا دی تھیں۔

جب جیت بھارتی ٹیم کے قدم چومنے ہی والی تھی تو پاکستان کے لئے خراب روشنی کی صورت میں مدد نازل ہوئی۔کریز پر محمد یوسف صفر کے سکور پر اور بولر محمد سمیع چار رنز پر موجود تھے جب امپائرز نے خراب روشنی کے باعث میچ ختم کرنے کا فیصلہ کر دیا۔

میچ ڈرا ہوگیا اور پاکستانی ٹیم کو شکست سے بچنے میں کامیابی حاصل ہوئی۔تاہم پاکستان کے بلے بازوں کی پوری کوشش تھی کہ آخری ٹیسٹ میں بھی شکست کو اپنے گلے سے لگا لیں‘ مگر کیا کرتے‘ بیچ میں خراب روشنی رکاوٹ بن کر سامنے آئی۔

بھارت نے پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں شکست دے کر ثابت کر دیا کہ وہ اب پاکستان سے کہیں زیادہ مظبوط ٹیم بن گئی ہے۔اس امر کا ثبوت بھارتی ٹیم نے پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کو تین۔دو سے جیت کر پہلے ہی دے دیا تھا۔ بھارت کی بہترین کارکردگی کے باعث اس کی ایک دیرینہ خواہش پوری ہوگئی۔اپنے ہی سرزمین پر پاکستان کو شکست دینے کی بھارتی خواہش‘ ستائیس برس بعد پوری ہوئی۔