1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

خراب موسم، امریکہ میں ہزاروں پروازیں منسوخ

2 فروری 2011

امریکہ کے شمال مشرقی علاقوں میں حالیہ دنوں میں شدید خراب موسم کے نتیجے میں کم ازکم دس ہزار پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں جبکہ اطلاعات کے مطابق ملک کے کئی اہم ہوائی اڈے بھی جزوی طور متاثر ہو رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/QxUO
تصویر: AP

’فلائیٹ اویئر‘ نامی ایک ویب سائٹ پر جاری کیے گئے اعداد وشمار کے مطابق صرف منگل کے دن ہی شدید بارش، برفباری اوردھند کی وجہ سے قریب ساڑھے چھ ہزار پروازیں منسوخ کی گئیں۔

ایک اندازے کے مطابق بدھ کے دن بھی خراب موسم کی وجہ سے کوئی تین ہزار چھ سو پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں۔ منسوخ ہونے والی یہ پروازیں امریکہ میں کمرشل فلائیٹز کا بیس فیصد بنتی ہیں۔

پیر کے دن جب طوفان کا آغاز ہوا تھا تو بھی کوئی آٹھ سو پروازیں منسوخ کی گئی تھیں۔ امریکہ کا ڈیلس فورٹ ورتھ نامی ایک مصروف ہوائی اڈہ برفانی طوفان کے نتیجے میں جزوی طور پر شدید متاثر ہوا ہے، اب بھی اس ایئر پورٹ پر پروازیں اوسطﹰ تین گھنٹے کی تاخیر کا شکار ہیں۔

US Winter Chaos Flash-Galerie
امریکہ میں خراب موسم کی مزید پیشن گوئی کی جا رہی ہیںتصویر: AP

شکاگو کا O'Hare ہوائی اڈہ، جو دنیا بھر کے مصروف ترین ایئر پورٹس میں سے ایک ہے، بھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ وہاں سب سے زیادہ پروازیں منسوخ کی گئیں۔ وہاں متاثر ہونے والی پروازوں کی تعداد تیرہ سو سے زائد بتائی جا رہی ہے۔

دوسرے نمبر پر مڈ وے کا ہوائی اڈہ متاثر ہوا۔ وہاں ساڑھے تین سو فلائیٹس منسوخ کرنا پڑیں۔ شکاگو ایوی ایشن کے ترجمان گریگ کاننگھم نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ خراب موسم کی وجہ سے ان دونوں ایئر پورٹس پر بیشتر فضائی کمپنیوں نے اپنی سروسز مکمل طور پر روک دی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ کمپنیاں بدھ کی دوپہر کو جبکہ زیادہ تر شام کو اپنی سروسز بحال کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

FlightAware نامی ویب سائٹ کے مطابق خراب موسم کے نتیجے میں فضائی کمپنیوں کو اچھا خاصا مالی نقصان ہو گا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں