1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

خلائی شٹل اینڈیور بالآخر اپنے مشن پر روانہ

16 جولائی 2009

امریکی خلائی تحقیقی ادارے ناسا کی خلائی شٹل اینڈیور بالآخر اپنے مشن پر روانہ ہوگئی ہے۔ موسم کی خرابی اور دیگروجوہات کی بنا پر بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے لئے اینڈیور کی روانگی قریب ایک ماہ سے تعطل کا شکار ہوتی آرہی تھی۔

https://p.dw.com/p/Ir9I
اینڈیور کی روانگی قریب ایک ماہ سے تعطل کا شکار ہوتی آرہی تھیتصویر: AP

امریکی خلائی تحقیقی ادارے ناسا کی خلائی شٹل اینڈیور بالآخر اپنے مشن پر روانہ ہوگئی ہے۔ موسم کی خرابی اور دیگر وجوہات کی بنا پر بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے لئے اینڈیور کی روانگی قریب ایک ماہ سے تعطل کا شکار ہوتی آرہی تھی۔

Endeavour / Crew / Flug STS-127
شٹل میں سات خلاباز سوار ہیںتصویر: AP

امریکی خلائی شٹل اینڈیور بالآخر اُس تاریخی دن سے ایک روز قبل بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے لئے روانہ ہو گئی، جب چالیس سال قبل اپالو گیارہ نے چاند کی جانب اپنے تاریخی سفر پر روانگی کے لئے کینیڈی اسپیس اسٹیشن سے اپنی پرواز شروع کی تھی۔ اینڈیور کی روانگی یوں تو 13 جون کو شیڈول تھی مگر فیول ٹینک میں لیکیج اور پھر ناموافق موسم کی وجہ سے اس کی روانگی پانچ مرتبہ تعطل کا شکار ہوئی۔

بدھ کی شام اینڈیور جب اپنے 16 روزہ مشن پر روانہ ہوئی تو روانگی کے کچھ دیر بعد فیول ٹینک سے علٰیحدہ ہوتے ہوئے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے دیکھے گئے، جو شٹل کی بیرونی سطح سے تقریبا دو منٹ تک ٹکراتے رہے۔ یہ ٹکڑے ناسا کی جانب سے براہ راست دکھائی جانے والی ویڈیو میں صاف دیکھے جاسکتے تھے۔ تاہم ناسا کے خلائی آپریشنز کے ایسوسی ایٹ ایڈمنسٹریٹر بِل گیرسٹین مائیر کے مطابق یہ ٹکڑے فیول ٹینک سے علٰیحدہ ہونے والے فوم یا برف کے ٹکڑے ہوسکتے ہیں، تاہم اس بات کا حتمی تعین خلا میں شٹل کی سطح کا مکمل جائزہ لینے کے بعد ہی کیا جاسکے گا۔ گیرسٹین نے مزید کہا کہ ان کے خیال میں یہ کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے، بلکہ یہ محض فیول ٹینک کی حفاظت کے لئے کی گئی کوٹنگ کے حصے ہوسکتے ہیں۔

Endeavour Start
بدھ کی شام اینڈیور جب اپنے 16 روزہ مشن پر روانہ ہوئیتصویر: AP

اینڈیور میں سات خلاباز سوار ہیں، جن میں سے چھ کا تعلق امریکہ سے جبکہ ایک خاتون خلاباز کا تعلق کینیڈا سے ہے۔ کینیڈا کی جُولی پائیٹ Jolie Payette الیکٹریکل اور انفارمیشن انجینیئر ہیں اور وہ اینڈیورکے سات رکنی عملے کی واحد خاتون رکن ہیں۔ وہ اس سے قبل بھی ایک مرتبہ خلا میں جاچکی ہیں۔ اینڈیور جمعے کے روز بین الاقوامی خلائی اسٹیشن ISSسے جڑے گی، جہاں وہ جاپان کی ایک بہت جدید لیبارٹری کی تنصیب کےعلاوہ ضروری پرزہ جات بھی پہنچائے گی۔

ادھر امریکی سینیٹ نے سابق خلاباز جنرل چارلس بولڈن کو خلائی تحقیقی ادارے ناسا کا نیا سربراہ مقرر کر دیا ہے۔ ان کی تقرری اینڈیور کی روانگی کے کچھ دیر بعد عمل میں آئی۔ بولڈن ناسا کے پہلے افریقی النسل امریکی سربراہ ہیں۔ 1958ء میں ناسا کے قیام کے بعد بولڈن اس کے بارہویں سربراہ ہیں۔ وہ چار مرتبہ خلائی سفر کرچکے ہیں، جن میں سے دو خلائی مشنوں کی انہوں نے سربراہی کی تھی۔

رپورٹ : افسر اعوان

ادارت : امجد علی