1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’خلافت ٹھیک جا رہی ہے‘، البغدادی کا مبینہ آڈیو پیغام

امجد علی27 دسمبر 2015

دہشت پسند گروپ ’اسلامک اسٹیٹ‘ نے اپنے قائد ابوبکر البغدادی کا ایک تازہ پیغام جاری کیا ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اتحادیوں کی تمام تر کوششوں کے باوجود اُن کی خود ساختہ ’خلافت‘ بہت اچھی جا رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/1HU9t
Irak - IS Führer Abu Bakr al-Baghdadi
دہشت پسند گروپ ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے قائد ابوبکر البغدادیتصویر: picture-alliance/AP Photo

نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس نے بیروت سے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ چوبیس منٹ دورانیے کے اس آڈیو پیغام میں البغدادی نے سعودی قیادت میں دہشت گردی کے خلاف بننے والے مسلمان ملکوں کے اتحاد کو بھی ہدفِ تنقید بنایا ہے۔

اس پیغام میں، جو کہ اس سال مئی کے بعد سے البغدادی کی جانب سے جاری کیا جانے والا پہلا پیغام ہے، البغدادی نے کہا ہے کہ بین الاقوامی اتحادی افواج کی جانب سے کیے جانے والے حملے اُلٹا ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے عزم اور حوصلے کو مزید بلند کر رہے ہیں۔ یہ پیغام ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے، جب حالیہ کچھ عرصے کے دوران اس دہشت پسند گروپ کو جنگ کے میدان میں کافی محاذوں پر پسپائی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

مبینہ طور پر البغدادی کی طرف سے جاری کردہ اس بیان میں مزید کہا گیا ہے:’’امت کی تاریخ میں اس کی پہلے کوئی مثال نہیں ملتی کہ پوری دُنیا ایک جنگ میں اُس کے خلاف اس طرح سے صف آرا ہو گئی ہو، جیسا کہ آج کل دیکھنے میں آ رہا ہے۔ یہ ایک ایسی جنگ ہے، جس میں تمام کافر تمام مسلمانوں کے خلاف اکٹھے ہو گئے ہیں۔‘‘

البغدادی کے مطابق ’اسلامک اسٹیٹ‘ امریکی قیادت تلے سرگرم اتحاد سے خوفزدہ نہیں ہے۔ اس پیغام میں امریکا کو اس حوالے سے طنز کا بھی نشانہ بنایا گیا ہے کہ امریکا نے اپنے زمینی دستے اس گروپ کے ساتھ لڑائی کے لیے نہیں بھیجے ہیں:’’اُنہیں یہاں آنے کا حوصلہ نہیں ہو رہا کیونکہ اُن کے دل مجاہدین کے خوف سے لرزاں ہیں۔‘‘

البغدادی نے کہا ہے کہ امریکا اور اُس کے اتحادی اپنے کرائے کے جنگجوؤں کی مدد سے خلافت کو تباہ کرنا چاہتے ہیں اور جب اُن کے کسی ایک اتحادی گروپ کو تباہ کر دیا جاتا ہے تو اُس کی جگہ پر ایک نیا اتحاد بنا لیا جاتا ہے، جیسا کہ اب سعودی قیادت میں بنایا گیا ہے، جسے ’غلط طور پر اسلامی اتحاد‘ کا نام دیا گیا ہے۔ البغدادی کے مطابق اگر یہ درحقیقت اسلامی اتحاد ہوتا تو یہ شامی فوج اور اُس کے ’روسی‘ آقاؤں کے ساتھ ساتھ شیعوں اور یہودیوں کے خلاف بھی لڑتا۔ اس پیغام میں البغدادی نے سعودی قیادت میں تشکیل پانے والے نئے اتحاد کے چونتیس رکن ملکوں کو خبردار کیا ہے کہ جو بھی ملک ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے خلاف جنگ میں شریک ہو گا، اُسے اپنے اس کیے کی سزا بھگتنا پڑے گی۔

Saudi-Arabien - Treffen der Syrischen Opposition in Riad
اس سال دس دسمبر کی اس تصویر میں اعلیٰ سعودی حکام شامی اپوزیشن رہنماؤں سے ریاض میں ملاقات کر رہے ہیںتصویر: Getty Images/AFP/F. Nureldine

اس مبینہ آڈیو پیغام میں البغدادی نے اسرائیل کو بھی دھمکی دی ہے اور کہا ہے کہ ’ہم تمہیں بھولے نہیں ہیں‘ اور ہر آنے والے دن کے ساتھ ’ہم تمہارے اور قریب پہنچ رہے ہیں‘۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اس بات کی تصدیق ابھی نہیں ہو سکی ہے کہ آیا یہ پیغام واقعی البغدادی کی طرف سے جاری کیا گیا ہے۔ یہ اور بات ہے کہ یہ پیغام ’اسلامک اسٹیٹ‘ سے جڑی اُنہی ویب سائٹس اور ٹوئٹر پر جاری کیا گیا ہے، جہاں سے اس گروپ کے پہلے پیغامات جاری ہوتے رہے ہیں۔ اس پیغام کو تیار بھی الفرقان میڈیا فاؤنڈیشن نے کیا ہے، جسے ’اسلامک اسٹیٹ‘ کا میڈیا کا شعبہ کہا جاتا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید