1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’خمینی کے پوتے کو الیکشن لڑنے سے روک دیا گیا‘

عاطف توقیر26 جنوری 2016

ایرانی انقلاب کے رہنما اور اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی آیت اللہ خمینی کے پوتے کو اگلے ماہ ہونے والے ملکی شوریٰ نگہبان کے انتخابات سے باہر کر دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1Hk4g
Hassan Khomeini Iran
تصویر: Isna

حسن خمینی گزشتہ کچھ عرصے سے شوریٰ نگہبان کے انتخابات میں شرکت کے لیے اپنی مہم جاری رکھے ہوئے تھے، تاہم ان کے اہل خانہ نے بتایا کہ انہیں انتخابات میں حصہ لینے سے روک دیا گیا ہے۔

اپنے انساگرام اکاؤنٹ پر حسن خمینی کے بیٹے نے لکھا کہ ان کے 43 سالہ والد کو ان انتخابات میں شرکت سے یہ کہہ کر روک دیا گیا ہے کہ ان کی ’مذہبی سمجھ بوجھ‘ مجلسِ نگہبان کی رکنیت کے لیے ناکافی ہے۔

اصلاح پسندوں کے ساتھ قریبی مراسم رکھنے والے حسن خمینی کے بیٹے نے بتایا کہ اس سلسلے میں درجنوں مذہبی رہنماؤں کی جانب سے حسن خمینی کے حق میں رائے دی گئی، تاہم اس کے باوجود ان کے والد کو ان انتخابات میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی۔

حسن خمینی کو امید تھی کہ وہ مذہبی رہنماؤں کی اس طاقتور شوریٰ کی رکنیت حاصل کر لیں گے۔ یہ بات اہم ہے کہ یہی مجلسِ شوریٰ ایران میں سپریم لیڈر کا انتخاب کرتی ہے اور ممکنہ طور پر اگلے انتخابات کے نتیجے میں وجود میں آنے والی شوریٰ ہی کو موجود سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے جانشیں کا تقرر کرنا ہے۔ خامنہ ای نے انقلابی رہنما آیت اللہ خمینی کے سن 1989ء میں انتقال کے بعد سپریم لیڈر کا عہدہ سنبھالا تھا اور اب ان کی عمر 76 سال ہے۔

Hassan Khomeini und Hashemi Rafsanjani Iran
حسن خمینی اصلاح پسندوں کے قریب خیال کیے جاتے ہیںتصویر: Tasnim

فروری کی 26 تاریخ کو ایران میں شوریٰ نگہان کے علاوہ پارلیمانی انتخابات بھی منعقد ہو رہے ہیں، جن میں شوریٰ نگہبان کے 88 اور پارلیمان کے 290 قانون سازوں کا انتخاب عمل میں آئے گا۔

شوریٰ نگہبان کی رکنیت کے لیے آٹھ سو امیدوار میدان میں ہیں، تاہم ان تمام امیدواروں کو انتخاب میں حصہ لینے سے قبل موجودہ شوریٰ نگہبان سے توثیق کی ضرورت ہے۔

شوریٰ نگہبان کے توثیقی بازو کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مسترد کیے جانے والے امیدواران ہفتے کے روز تک اپیل کا حق رکھتے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ امیدواروں میں سے 166 کی توثیق کر دی گئی ہے، 111 کو مسترد کیا گیا ہے، 207 کو نااہل قرار دیا گیا ہے، جب کہ 58 نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ہیں۔

یہ بات اہم ہے کہ اگر حسن خمینی شوریٰ نگہبان کے رکن منتخب ہو جاتے، تو وہ آیت اللہ خمینی کے خاندان کے پہلے فرد ہوتے، جو کسی اہم عہدے پر فائز ہوتے۔