1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

داعش کی وجہ سے امریکی دوا ساز کمپنی مشکل میں

مقبول ملک19 دسمبر 2015

ایک امریکی دوا ساز کمپنی کو اپنے نام اور دہشت گرد گروپ ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش کے نام کے انگریزی مخفف کے یکساں ہونے پر مشکل اور نفسیاتی بے چینی کا سامنا ہے۔ اب اس کمپنی نے اپنا نام بدلنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1HQOm
Martin-Luther-Universität Halle - Blutuntersuchung
یہ کمپنی بہت کم نظر آنے والی بیماریوں کے علاج کے لیے ادویات تیار کرتی ہےتصویر: picture-alliance/dpa/W. Grubitzsch

لاس اینجلس سے ہفتہ انیس دسمبر کو موصولہ نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا میں اس دوا ساز کمپنی کا نام Isis فارماسوٹیکلز ہے، جسے گزشتہ کافی مہینوں سے اس بات پر گہری تشویش تھی کہ عراق اور شام کے وسیع تر علاقوں پر قابض دہشت گرد گروہ ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا ’دولت اسلامیہ‘ کے انگریزی میں نام کا مخفف بھی اس کے نام جیسا ہے۔

ادویات تیار کرنے والی اس کمپنی نے جمعہ اٹھارہ دسمبر کی شام کہا کہ وہ اس عسکریت پسند گروپ سے اپنی ہر اس ’ناپسندیدہ نسبت‘ سے بچنا چاہتی ہے، جو ایک ہی طرح کے نام کی وجہ سے عام لوگوں کے ذہن میں آ سکتی ہے۔ اس کا پس منظر یہ ہے کہ اس کمپنی کا نام Isis Pharmaceuticals ہے اور شدت پسند گروہ ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے لیے میڈیا سمیت بین الاقوامی سطح پر جو مختصر نام استعمال کیے جاتے ہیں، ان میں IS اور ISIL کے علاوہ ISIS بھی شامل ہے۔

کمپنی کی چیف آپریٹنگ آفیسر لِن پیرشل نے کہا کہ اب دوا ساز ادارے کا نام بدل کر آئیونِس Ionis فارماسوٹیکلز رکھ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’اپنی کمپنی کا نام بدل کو ہم نے خود کو اس جہادی تنظیم سے اس طرح دور کر لیا ہے کہ کسی کے بھی ذہن میں کوئی غلط فہمی پیدا نہ ہو۔‘‘

لِن پیرشل کے مطابق، ’’نام کی تبدیلی اس لیے ضروری ہو گئی تھی کہ جب لوگ ہمارا نام دیکھیں یا سنیں تو انہیں سوچنا چاہیے کہ ہم ایسی ادویات تیار کرتے ہیں جو انسانی زندگیاں بچانے کے کام آتی ہیں۔‘‘

Islamischer Staat Kämpfer
اس کمپنی کا نام اور داعش کے انگریزی میں نام کا مخفف ایک جیسے تھےتصویر: picture-alliance/abaca/Balkis Press

اس موقع پر اس کمپنی کے ترجمان ویڈ واک نے اعتراف کیا کہ اس ادارے کا نام خاص طور پر اس وقت ایک ’بڑا مسئلہ‘ بن گیا تھا، جب حال ہی میں فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں انتہائی خونریز دہشت گردانہ حملے کیے گئے تھے۔ ان حملوں کی ذمے داری عسکریت پسند گروپ آئی ایس نے قبول کر لی تھی۔

پہلے Isis اور اب Ionis فارماسوٹیکلز کہلانے والی یہ دوا ساز کمپنی ایسی ادویات تیار کرتی ہے، جو بہت کم پائی جانے والی لیکن جان لیوا بیماریوں کے علاج کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں