1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

درہ آدم خیل :سترہ عسکریت پسند گرفتار

عاطف توقیر21 اکتوبر 2008

درہ آدم خیل میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران سترہ شدت پسندوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔

https://p.dw.com/p/Fe6R
تصویر: AP

سر چ آپریشن تیمرخیل، اخوڑوال اور پیروال کے علاقوں میں کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بریفنگ کے دوران صحافیوں کو اسلحہ دکھایا گیا اور سترہ میں سے سات شدت پسندوں کو میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا۔ فورسز کا کہنا ہے کہ علاقے میں عسکریت پسندوں کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ درہ آدم خیل میں گزشتہ ہفتےسے اب تک دو سو کے قریب شدت پسند گرفتار کئے جا چکے ہیں۔

2 Waziristan.jpg
تصویر: dpa



تفصیلات کے مطابق گرفتارشدگان کے قبضے سے تین سو پچاس راکٹ، دھماکا خیز مواد اور دیگر اسلحہ برآمد کیا گیا۔ درہ آدم خیل کے علاقے پیروال، اخوڑ وال، اسپین تھانہ، اکاخیل اور ملحقہ علاقوں میں عسکریت پسندوں کے خلاف سیکورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے۔ سیکورٹی فورسز کے دعوے کے مطابق آپریشن کے دوران تین کمانڈرسمیت سترہ عسکریت پسند گرفتار کئے گئے۔

ایک روز قبل بھی درہ آدم خیل میں سیکورٹی فورسزنے ایک کارروائی کے دوران دواہم طالبان کمانڈروں سمیت پانچ عسکریت پسندوں کوگرفتارکرلیا تھا۔ ۔پاکستان کے فرنٹیئرکورہیڈ کوارٹرپشاور کے مطابق اس سلسلے میں سیکورٹی فورسزکی جانب سے قاسم خیل اورپیروال کے علاقوں میں کارروائی کی گئی۔ اس کارروائی کے دوران ایک اورطالبان کمانڈرکے گھرسے اسلحہ وگولہ بارودسے بھرے دو ٹرک بھی برآمدکرلئے گئے۔