1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’دعائیں ہی سب سے موثر دوا ثابت ہو ں گی‘

کشور مصطفیٰ28 مئی 2016

وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی اوپن ہارٹ سرجری آئندہ ہفتے لندن میں ہوگی۔ اس امر کی تصدیق اُن کے اہل خانہ نے کر دی ہے۔ وہ علاج کے لیے گزشتہ ویک اینڈ پر لندن پہنچے تھے۔

https://p.dw.com/p/1IwFY
تصویر: Reuters/C. Allegri

سیاسی مسائل سے دوچار اور پاناما پیپرز کے انکشافات کے غیر معمولی دباؤ میں آئے ہوئے میاں نواز شریف کا گزشتہ چند ماہ کے دوران یہ لندن کا دوسرا دورہ ہے جس کے بارے میں میڈیا کو بیان دیتے ہوئے اُن کی صاحب زادی مریم نواز نے جمعے کی شب دیر گئے ایک ٹوئیٹ پر اپنے پیغام میں تحریر کیا،’’وزیر اعظم نواز شریف کی آئندہ منگل کو ہارٹ سرجری ہوگی۔ اُن کے لیے دعائیں ہی سب سے زیادہ موثر دوا ثابت ہوں گی۔‘‘

مریم نواز نے اپنے والد کو لاحق عارضہ قلب کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 2011 ء سے انہیں دل کی بیماری کی پیچیدگیوں کا سامنا ہے جسے دور کرنے کے لیے معالجے کا عمل جاری ہے۔

وزير اعظم نواز شريف کی صاحب زادی مریم نواز
وزير اعظم نواز شريف کی صاحب زادی مریم نوازتصویر: Daniel Berehulak/Getty Images

دریں اثناء مقامی ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم نے اپنی صحت کی صورتحال کے پیش نظر گزشتہ کچھ عرصے کے دوران اپنی کئی سیاسی سرگرمیاں اور ملکی اور غیر ملکی دورے بھی منسوخ کر دیے ہيں۔ مثال کے طور پر چند دن قبل پاکستانی فضائیہ میں نئے طیاروں کی شمولیت اور تھر کول منصوبے کے حوالے سے اہم تقریبات میں شرکت کے لیے اُن کا کراچی کا دورہ اور کچھ عرصے قبل ترکی میں ہونے والے ایک اہم اجلاس میں شرکت کے لیے بھی اُن کا دورہ منسوخ ہو گیا تھا۔ اس اہم اجلاس کے موقع پر پاکستان کی نمائندگی صدر ممنون حسین نے کی تھی۔ اُدھر پاکستان کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے مذاکرات کے لیے امریکا جانا تھا لیکن وزیر خزانہ کا دورہ بھی غالباً وزیر اعظم کی صحت کی صورتحال کے سبب منسوخ کر دیا گیا۔

نواز شریف کی بیٹی مریم نواز نے کہا ہے کہ اُن کے والد ہارٹ سرجری کے بعد کم از کم ایک ہفتے لندن میں ہسپتال میں رہیں گے اور صحت یابی اور ڈاکٹروں کی طرف سے سفر کی اجازت ملتے ہی وطن لوٹ جائیں گے۔