1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دعا کرو کہ تم غریب ہو جاؤ، پوپ کا فلاحی کارکنوں کو مشورہ

امتیاز احمد7 مئی 2016

مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس غریبوں کی حمایت اور اپنے شائستہ انداز کی وجہ سے مشہور ہیں۔ اب انہوں نے ایک اطالوی فلاحی تنظیم کے کارکنوں کو غریبوں کے اظہار یکجہتی کرنے اور اپنے لیے غریب ہونے کی دعا کرنے کا کہا ہے۔

https://p.dw.com/p/1IjgE
Vatikan Papst Franziskus erhält Aachener Karlspreis
تصویر: picture-alliance/dpa/O. Berg

پوپ فرانسس نے اٹلی کی افریقہ میں کام کرنے والی ایک میڈیکل تنظیم کے کارکنوں سے ملاقات کرتے ہوئے غریبوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ پوپ فرانسس کا ڈاکٹر وِد افریقہ نامی تنظیم کے کارکنوں سے ملاقات کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ براہ مہربانی میرے لیے بھی دعا کیجیے کہ خدا مجھے بھی ہر دن کے ساتھ مزید غریب کرے۔‘‘

اس ملاقات میں مسیحیوں کے روحانی پیشوا نے سات افریقی ملکوں میں غریبوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے پر ان کارکنوں اور تنظیم کا شکریہ بھی ادا کیا۔ اس موقع پر پوپ کا زور دیتے ہوئے کہنا تھا، ’’صحت کوئی قابل خرید چیز نہیں ہونی چاہیے۔ یہ سب کا قدرتی حق ہے۔ اسی لیے صحت کی سہولیات اور مواقع سب کے لیے یکساں ہونے چاہییں۔‘‘

تاہم نے انہوں نے اس حقیقت کو بھی تسلیم کیا کہ بہت سے ملکوں میں یہ بنیادی سہولیات صرف امیر افراد کے لیے ہیں۔ ویٹی کن کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پوپ فرانسس کا کہنا تھا، ’’غریبوں کو دنیا کے مختلف حصوں اور افریقہ کے بہت سے ممالک میں صحت کی بنیادی سہولیات بھی نہیں دی جاتیں۔ یہ سبھی کا حق ہے لیکن اسے صرف مخصوص طبقے کے لیے مختص کر دیا گیا ہے، وہ طبقہ جو اسے افورڈ کر سکتا ہے۔‘‘

جاری ہونے والے بیان کے مطابق افریقہ میں صورتحال خاص طور پر قابل تشویش ہے، ’’افریقہ میں بہت سی مائیں زچگی کے دوران ہی ہلاک ہو جاتی ہیں جبکہ بہت سے نوزائیدہ بچے غذائی قلت اور بیماریوں کی وجہ سے اس دنیا میں آنے کے بعد ایک ماہ تک بھی زندہ نہیں رہتے۔‘‘

پوپ کے ساتھ اس ملاقات میں طبی فلاحی تنظیم کے نو ہزار کے قریب ڈاکٹر اور کارکن شریک تھے۔ اس اطالوی تنظیم کی بنیاد پینسٹھ برس پہلے ایک ڈاکٹر اور ایک پادری نے مل کر رکھی تھی جبکہ اس وقت یہ یوگنڈا، تنزانیہ، موزمبیق، ایتھوپیا، انگولا، جنوبی سوڈان اور سیرالیون میں بھی کام کر رہی ہے۔