1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دلکش ماہرہ خان نے بیروت کا عالمی فلمی میلہ لُوٹ لیا

صائمہ حیدر
10 جولائی 2017

خوبرو پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کو آٹھویں بیروت انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں دو ایوارڈوں سے نوازا گیا۔ پاکستانی اور بھارتی میڈیا نے ماہرہ خان کے لبنانی فلمی میلے میں شرکت کی خبریں نمایاں سرخیوں کے ساتھ شائع کی ہیں۔

https://p.dw.com/p/2gGgv
Libanon | Schauspielerin Mahira Khan beim Beirut International Awards Festival
بیروت فلم فیسٹول میں ماہرہ کو اُن کی خوبصورت پوشاک اور عالمی سطح پر مختصر مدت میں بطور اداکارہ خود کو منوانے پر ایوارڈ دیے گئےتصویر: Getty Images/AFP/A. Amro

ماہرہ خان کے بیروت میں فلمی میلے میں شرکت کو انڈیا اور پاکستان دونوں ممالک کے میڈیا نے نمایاں کوریج دی ہے  اور ایوارڈ کی تقریب میں اُن کے لباس اور خوبصورتی کو خوب سراہا گیا ہے۔

 سوشل میڈیا صارفین نے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹوں پر ماہرہ خان کے دلکش اسٹائل کی تعریف کرتے ہوئے تبصرے کیے ہیں۔

بیروت فلم فیسٹول میں ماہرہ کو اُن کی خوبصورت پوشاک اور عالمی سطح پر مختصر مدت میں بطور اداکارہ خود کو منوانے پر الگ الگ دو ایوارڈ دیے گئے۔

پاکستان کے مقامی روزنامے ایکسپریس کے مطابق ماہرہ نے تقریب کے شرکا سے بات کرتے ہوئے عربی میں اُن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ بیروت انٹرنیشنل فلم ایوارڈ وصول کر کے بہت خوش ہیں۔ بیروت میں ماہرہ خان کی آمد سے قبل ہی اُن کی فلمی میلے میں شرکت کی خبریں ٹویٹر اور فیس بک پر گردش کرنے لگی تھیں۔

ماہرہ خان نے پاکستانی ٹی وی ڈرامہ سیریل ’ہمسفر‘ سے شہرت حاصل کی تھی۔ پاکستانی فلموں کے ساتھ ساتھ اُنہوں نے بھارتی فلم ’رئیس‘ کے ذریعے بھی اپنے کام کا لوہا منوایا ہے۔ فلمی ناقدین کے مطابق وہ اپنی ڈیبیو بالی ووڈ فلم میں بہت خوبصورت نظر آئی تھیں۔