1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دل کی رانی گلے کا پھندا، برلسکونی پھر بچ گئے

6 اپریل 2011

اطالوی وزیر اعظم سلویو برلسکونی کے خلاف نا بالغ لڑکی کے ساتھ جنسی تعلقات رکھنے اور طاقت کے نا جائز استعمال کے خلاف مقدمات کی کاروائی آج بُدھ سے میلان کی عدالت میں شروع ہو تے ہی ملتوی کر دینے کا اعلان کر دیا گیا۔

https://p.dw.com/p/10o62
اطالوی وزیر اعظم سلویو برلسکونیتصویر: AP

کروڑوں پتی اطالوی لیڈر برلسکونی کے بزنس مفادات کے خلاف لگے الزامات کے بارے میں تفتیش کا سلسلہ یوں تو کئی سالوں سے جاری تھا تاہم رنگینیوں سے بھرپور اُن کی ذاتی زندگی اور سرگرمیاں پہلی بار عدالتی کمرے میں کُھل کر زیر بحث آ نے کی امید کی جاری رہی تھی۔ آغاز میں ہی اسے 31 مئی تک ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔

میلان کی عدالت میں بُدھ کے روز سے شروع ہونے والی عدالتی کاروائی کے بارے میں پہلے ہی سے یہی تاثر پایا جاتا ہے کہ غالباً ججوں کی طرف سے سرکاری عدالتی کارروائی کے آغاز کو آئندہ ماہ یعنی مئی تک کے لئے ملتوی کر دیا جائے گا۔ اس بارے میں خبر رساں ادارے اے ایف پی کو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک بیان دیتے ہوئے برلسکونی کے وکلائے صفائی میں سے ایک نے بتایا کہ اطالوی وزیراعظم مقدمے کی ابتدائی سماعت میں خود موجود نہیں ہوں گے اور یہ کہ مقدمے کی باقاعدہ کارروائی ممکنہ طور پر آج سے شروع ہونے کے بجائے مئی یا جون کے ماہ تک ملتوی کر دی جائے گی۔

Ruby Rubacuori Italien Berlusconi
18 سالہ مراکشی پول ڈانسرکریما المحروقتصویر: picture alliance/dpa

گزشتہ شب اطالوی پارلیمان میں برلسکونی کی پارٹی کے اراکین نے اُس قرار داد کو منظور کیا جس میں میلان کی عدالت کو دیے گئے اس اختیار کو چیلنج کیا گیا ہے کہ وہ اطالوی وزیر اعظم کے خلاف مقدمے کی کارروائی کرے۔ قرارداد کے تحت وزراء کے خلاف مقدمات کی سماعت خصوصی عدالت میں ہونی چاہئے۔ دریں اثناء اٹلی کی اپوزیشن نے اس قرارداد کو شرمناک اور غیر آئینی قرار دیا ہے۔ وجہ یہ ہے کہ اس قرار داد کے ذریعے برلسکونی کیسز پرغوروخوض کے لیے آئینی عدالت کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

74 سالہ برلسکونی دو مرتبہ رشتہ ازدواج میں بندھنے کے بعد طلاق شدہ ہیں۔ انہوں نے 18 سالہ مراکشی پول ڈانسر کریما المحروق کے ساتھ اپنے معاشقے کو بھی راز میں نہ رکھا تاہم گزشتہ برس جب روبی کے نام سے شہرت حاصل کرنے والی ڈانسر جس کی عمر محض 17 سال تھی تب اُس کے ساتھ جنسی تعلق رکھنے کے بارے میں سامنے آنے ولی خبروں کی تردید کرتے رہے ہیں۔

Flash-Galerie Proteste gegen Berlusconi
اٹلی میں وزیر اعظم برلسکونی کے خلاف عوامی مظاہرہتصویر: dapd

برلسکونی ’ دل رُبا‘ کریما المحروق کے ساتھ اپنے تعلقات کی نوعیت واضح کرتے ہوئے یہ کہہ چُکے ہیں کہ انہوں نے کریما المحروق کو چوری کے الزام میں پولیس کی طرف سے گرفتار کیے جانے کے بعد پولیس کی تحویل سے نکلوانے کی کوشش اس لیے کی تھی کہ وہ اٹلی اور مصر کے سفارتی تعلقات میں کسی قسم کا بگاڑ پیدا نہیں ہونے دینا چاہتے تھے۔ برلسکونی کے مطابق اُن کے خیال میں کریما المحروق سابق مصری صدر حُسنی مبارک کی کزن تھی۔

18 سالہ کریما المحروق پہلے ہی برلسکونی کے ساتھ جنسی تعلقات رکھنے کے الزامات کو رد کر چُکی ہے۔ آج ، بُدھ کو میلان کی عدالت میں مجوزہ طور پر ہونے والی مقدمے کی سماعت میں کریما المحروق کی شرکت کے بارے میں پہلے ہی بتا دیا گیا تھا کہ وہ اس میں شامل نہیں ہو گی۔

اطالوی وزیر اعظم پر لگے نابالغ لڑکی کے ساتھ جنسی تعلقات رکھنے کے الزامات ثابت ہو جانے کی صورت میں انہیں تین سال کی قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے جبکہ طاقت کے ناجائز استعمال کی سزا 12 سال قید تک ہو سکتی ہے۔

رپورٹ: کشور مصطفیٰ

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں