1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دمبولا ٹرائی سیریز، بھارت فائنل میں

25 اگست 2010

سری لنکا میں جاری سہ ملکی سیریز کے بدھ کو کھیلے گئے چھٹے اور بہت اہم میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 105 رنز سے شکست دے کر فائنل میں اپنی جگہ یقینی بنا لی۔ فائنل میں سری لنکا اور بھارت 28 اگست کو آمنے سامنے ہوں گے۔

https://p.dw.com/p/OwU7
وریندر سہواگ بھارت کو فائنل میں لے گئےتصویر: AP

دمبولا میں جاری اس سیریز میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تاہم نیوزی لینڈ کے بولروں نے شاندار بولنگ کی اور بھارت کی طویل بیٹنگ لائن کو باندھ کر رکھ دیا۔

بھارت کی طرف سے صرف وریندر سہواگ ہی جم کر کھیل سکے۔ انہوں نے 93 گیندوں پر 110 رنز بنائے۔ سہواگ نے اپنی میچ جتوانے والی سینچری میں ایک چھکا اور سولہ چوکے لگائے۔ ایک روزہ میچوں میں یہ ان کی 13 ویں سینچری تھی۔

بھارت کی طرف سے دوسرے ٹاپ اسکورر کپتان مہندر سنگھ دھونی رہے، جنہوں نے 38 رنز بنائے۔ ان دونوں کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین ڈٹ کر نہ کھیل سکا اور پوری کی پوری بھارتی ٹیم 46.3 اوورز میں 223 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گئی۔ نیوزی لینڈ کے تیز بولر ساؤتھی نے چار جبکہ میککیلم نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

Mahendra Singh Dhoni Cricketspieler Flash-Galerie
فاتح کپتان مہیندر سنگھ دھونیتصویر: AP

کھانے کے وقفے کے دوران کہا جا رہا تھا کہ بھارت کی ٹیم شکست سے دوچار ہو جائے گی لیکن ایسی تمام تر قیاس آرئیاں غلط ثابت ہوئیں۔

نیوزی لینڈ نے جب ایک آسان ہدف کا تعاقب شروع کیا تو بھارتی سیمرز نے کیویز کو پریشان کر دیا۔ کوئی بھی کیوی بیٹسمین جم کر نہ کھیل سکا اور ٹاپ آرڈر بری طرح ناکام ہو گیا۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے ملز نے جارحانہ بیٹنگ کی اور تین چھکوں اور سات چوکوں مدد سے باون رنز بنائے لیکن نیوزی لینڈ کی ٹیم 30.1 اوورز میں 118 کے مجموعی اسکور پر ڈھیر ہو گئی۔

بھارتی بولروں میں سے پروین کمار اور مناف پاٹیل نے تین تین جبکہ اشیش نہرا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ رہی سہی کسر اشانت شرما اور روی جدیجہ نے نکال دی، جن کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

وریندر سہواگ کی عمدہ اننگز پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ٹرائی اینگولر سیریز کا فائنل میچ اب اٹھائیس اگست کو بھارت اور میزبان سری لنکا کے مابین دمبولا میں ہی کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک