1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا بھر میں ملیریا کے خاتمے میں نمایاں پیشرفت

18 اکتوبر 2011

عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں ملیریا کے خاتمے میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے اور ملیریا سے متاثرہ ایک تہائی کے لگ بھگ ممالک آئندہ دس برسوں کے دوران اس مرض سے نجات حاصل کر لیں گے۔

https://p.dw.com/p/12u1M
تصویر: picture-alliance /dpa

صحت کے عالمی ادارے نے یہ بات پیر کو امریکہ کے شہر سیاٹل میں گیٹس فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ملیریا فورم میں پیش کی جانے والی Roll Back Malaria تنظیم کی ایک پیشرفت رپورٹ میں کہی۔

عالمی ادارہ صحت نے کہا کہ دنیا بھر کے 108 ممالک اور علاقے ملیریا کے مکمل خاتمے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ ادارے کے عالمی ملیریا پروگرام کے ڈائریکٹر روبرٹ نیومین نےکہا، ’بہتر معائنوں اور نگرانی سے صورت حال کی واضح تصویر ابھر کر سامنے آئی ہے اور اس سے یہ پتا چلا ہے کہ دنیا کے ان تمام خطوں میں ملیریا کے خاتمے کی کوششیں بارآور ثابت ہو رہی ہیں، جہاں یہ مرض موجود تھا‘۔

تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق دنیا کی لگ بھگ نصف آبادی یا 3 ارب 30 کروڑ افراد ملیریا کے خطرے سے دوچار ہیں اور سن 2009ء میں مچھروں کے ذریعے پھیلنے والی اس بیماری کے نتیجے میں 7 لاکھ 81 ہزار افراد موت کے منہ میں چلے گئے تھے۔ ان میں سے زیادہ تر ہلاکتیں افریقہ میں ہوئیں۔

Illustration Kinder und Müttersterblichkeit
ملیریا کے باعث زیادہ تر ہلاکتیں افریقہ میں ہوئی ہیںتصویر: picture-alliance/ dpa

بڑے پیمانے پر ملیریا کے خاتمے کی کوششوں کا آغاز 1955ء تا 1972ءکے ملیریا کے خاتمے کے عالمی پروگرام سے ہوا تھا۔ اس وقت عالمی ادارہ صحت نے دنیا کے 20 ملکوں کو ملیریا سے پاک ہونے کے سرٹیفکیٹ جاری کیے تھے۔ تاہم آئندہ تیس برسوں میں ان کوششوں میں کچھ سستی پیدا ہو گئی اور اس کے نتیجے میں ملیریا سے پاک ملکوں کی تعداد محض چار رہ گئی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ حال ہی میں سات ملکوں میں ملیریا کا مکمل صفایا ہو چکا ہے اور وہ اسے دوبارہ پھیلنے سے روکنے کے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، مزید دس ملکوں میں اس مرض کی منتقلی کو روکنے کی کوششیں جاری ہیں جبکہ مزید 9 ممالک ملیریا کے خاتمے کی جانب بڑھنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

Roll Back Malaria نے ستمبر میں شائع ہونے والی اپنی ایک اور رپورٹ میں کہا تھا کہ جراثیم کش ادویات کی اسپرے زدہ جالیوں، گھروں کے اندر اسپرے، بروقت اور درست تشخیص اور انسداد ملیریا ادویات تک رسائی کے نتیجے میں گزشتہ ایک دہائی کے دوران افریقہ میں 11 لاکھ افراد کی زندگیاں بچانے میں مدد ملی ہے۔

Kampf gegen Malaria in Afrika
جراثیم کش ادویات کی اسپرے زدہ جالیوں سے ملیریا کو روکنے میں مدد ملی ہےتصویر: Ralph Ahrens

حالیہ برسوں میں ملیریا کے خاتمے کی بین الاقوامی امدادی رقم میں بھی اضافہ ہوا ہے، جو 2010ء میں 1 ارب 50 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی۔

ملیریا فورم امریکہ کی مشہور کمپیوٹر کمپنی مائیکرو سوفٹ کے بانی بل گیٹس نے قائم کیا ہے، جو ان کے انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے قائم کردہ 34 ارب ڈالر فنڈ کی Gates Foundation کا حصہ ہے۔

سن 2007ء میں بل گیٹس اور ان کی اہلیہ میلنڈا نے بین الاقوامی برادری پر ملیریا کے عالمگیر خاتمے پر زور دیا تھا۔

رپورٹ: حماد کیانی

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں