1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا بھر میں نصف سے زائد مہاجر بچے تعلیم سے محروم

صائمہ حیدر15 ستمبر 2016

اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ دنیا کے چھ لاکھ مہاجر بچوں میں سے نصف سے بھی کم تعداد اسکولوں میں تعلیم حاصل کر رہی ہے ۔ یہ شرح عالمی سطح پر تعلیم حاصل کرنے کی اوسط شرح سے پانچ گنا کم ہے۔

https://p.dw.com/p/1K2wM
Griechenland Unbegleitete Jugendliche Flüchtlinge
لڑکپن کی عمر کے مہاجر بچوں میں صرف بائیس فیصد ہی ثانوی اسکول میں تعلیم حاصل کر پاتے ہیںتصویر: Getty Images/AFP/B. Kilic

مہاجرین کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ تین اعشاریہ سات ملین بچے ایسے ہیں جو اسکول جانے اور تعلیم حاصل کرنے سے محروم ہیں۔ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین فیلیپو گرانڈی نے بچوں کو اسکول واپس بھیجنے کے لیے عالمی سطح پر اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا ،’’ تعلیم سے محروم مہاجر بچوں کی اتنی بڑی تعداد اس حوالے سے پیدا ہونے والے بحران کی عکاسی کرتی ہے۔‘‘ گرانڈی کا یہ بیان رواں ماہ کی انیس تاریخ کو مہاجرین اور تارکین وطن پر پہلی بار نیو یارک میں منعقد ہونے والے اقوام متحدہ کے اجلاس سے قبل سامنے آیا ہے۔

اس اجلاس کے اگلے روز امریکی صدر باراک اوباما کی میزبانی میں ایک کانفرنس بھی بلائی جائے گی جس میں پناہ گزینوں کی امداد کے لیے نئی پشکشوں کو یقینی بنایا جائے گا۔ گرانڈی نے رپورٹ میں کہا ہے کہ یہ ایک ’پوری نسل‘ کا نقصان ہے۔ گرانڈی نے تارکین وطن کے تعلیم کے حصول پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم ان مہاجرین کے مستقبل کو ان کے سیاسی پناہ کے ملک اور ان کے اپنے وطن دونوں کے لیے مثبت انداز میں بہتر بنانے کے قابل بنائے گی۔

UNHCR Filippo Grandi
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین فیلیپو گرانڈی نے بچوں کو اسکول واپس بھیجنے کے لیے عالمی سطح پر اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہےتصویر: picture alliance/AP Photo/S. Di Nolfi

آج جمعرات کے روز اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کی شائع ہوئی اس رپورٹ کا اگر یونیسکو کی عالمی سطح پر اسکولوں میں درج بچوں کی تعداد کے اعداد و شمار سے موازنہ کیا جائے تو پتہ چلتا ہے کہ پناہ گزین بچوں میں سے صرف پچاس فیصد کو پرائمری اسکول کی تعلیم تک رسائی حاصل ہے۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق لڑکپن کی عمر کے مہاجر بچوں میں صرف بائیس فیصد ہی ثانوی اسکول میں تعلیم حاصل کر پاتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں مہاجر بچوں میں سے نصف سے زائد بچے سات ممالک میں فعال طور پر تعلیم حاصل نہیں کر سکتے۔ ان ممالک میں چاڈ، جمہوریہ کانگو، ایتھوپیا، کینیا ، لبنان اور ترکی اور پاکستان شامل ہیں۔ اقوام متحدہ کے اندازے کے مطابق نو لاکھ شامی مہاجر بچے بھی اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے سے محروم ہیں۔