1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا بھر کے مسیحی گڈفرائیڈے آج منا رہے ہیں

22 اپریل 2011

ایسٹر سے قبل روزوں کے ایام کی آخری عبادات جاری ہیں۔ اس حوالے سے دُنیا بھر کے مسیحی اپنے عقائد کے مطابق یسوع المسیح کی صلیبی موت کی یاد آج منا رہے ہیں، جسے گُڈ فرائیڈے کے نام سے جانا جاتا ہے۔

https://p.dw.com/p/112Ft
تصویر: AP

روزوں کے ایام کا آخری جمعہ مسیحیوں کے نزدیک انتہائی مقدس ہے، یہی وجہ ہے کہ اسے پاک جمعہ کہا جاتا ہے جبکہ ایسٹر سے قبل آنے والی آخری جمعرات کو بھی پاک قرار دیا جاتا ہے۔

پاک جمعرات کو بھی دنیا بھر میں خصوصی عبادات کا انعقاد کیا گیا۔ ویٹی کن میں ہونے والی مرکزی عبادت کے موقع پر کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ بینیڈکٹ شانزدہم نے مغربی ممالک میں مذہب سے دُوری پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسیحیت کا مرکز سمجھے جانے والا خطہ اپنے ایمان سے دُور ہوتا جا رہا ہے۔

جرمن نژاد پوپ نے سینٹ پیٹرز بیسلیکا میں عبادت کے موقع پر کہا کہ مغرب اپنی تاریخ اور ثقافت سے بیزار ہوتا دکھائی دیتا ہے۔ انہوں نے اپنے واعظ میں کہا، کیا ہم، خدا کے لوگ، بڑی حد تک ایمان نہ رکھنے والے نہیں بن چکے اور خدا سے دُور نہیں ہو چکے۔‘

Rom / Papst / Kolosseum / Karfreitag
پوپ بینیڈکٹ شانزدہمتصویر: AP

انہوں نے مزید کہا، ’اس کی وجہ شاید یہ ہے کہ مغرب، جو مسیحیت کا مرکز ہے، اپنے ایمان سے بیزار ہو چکا ہے۔’

مسیحیوں کے روزوں کے ایام کی اختتامی تقریبات کا آغاز گزشتہ اتوار سے ’پام سنڈے‘ یا کھجوروں کے اتوار سے ہو گیا تھا۔ یہ تقریبات جمعرات کو عروج پر پہنچیں، جب یسوع المسیح کو گرفتار کیا گیا۔ اس وقت انہوں نے اپنے ان 12 پیروکاروں کے پاؤں دھو کر عاجزی کا نمونہ پیش کیا تھا، جنہیں ’ان کے شاگرد‘ بھی کہا جاتا ہے۔

اس موقع کی یادگار کے طور پر جمعرات کو ویٹی کن سٹی میں کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ بینیڈکٹ شانزدہم نے بھی 12 افراد کے پاؤں دھوئے۔

یہ عبادتی تقریب جمعرات کی سہ پہر کو روم کے بیسلیکا آف سینٹ جان لیٹیرں میں منعقد ہوئی۔

جمعہ کو ’گڈ فرائیڈے‘ کے حوالے سے بھی اسی نوعیت کی عبادتی تقریبات منعقد ہو رہی ہے۔ان عبادتی اجتماعات کا مقصد دراصل کرائسٹ کے ان دکھوں کو یاد کرنا ہے، جو انہوں نے اپنی صلیب پر سہے۔ ایسٹر یا عید قیامت المسیح اتوار چوبیس اپریل کو منائی جائے گی۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں