1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’دنیا کا سب سے بُھلکڑ انسان‘

1 ستمبر 2010

اگر کبھی کسی انسان کے سر میں کسی ہتھیار سے فائر کی گئی کوئی گولی لگ جائے تو متعلقہ شخص کے زندہ بچنے کا امکان بہت ہی کم ہوتا ہے۔ لیکن پولینڈ کے ایک شہری کے سر میں گولی لگی اور اسے پانچ سال تک اس کا علم ہی نہ ہو سکا۔

https://p.dw.com/p/P1GN
تصویر: AP

جرمنی کےمغربی شہر بوخُم میں پولیس نے بتایا کہ یہ شخص دراصل جرمنی میں رہائش پذیر پولینڈ کا ایک ایسا شہری ہے، جو گزشتہ قریب پانچ برسوں سے اپنی روزمرہ زندگی کے تمام کام معمول کے مطابق انجام دے رہا تھا اور اس کے خواب و خیال میں بھی نہیں تھا کہ اس کے سر میں کئی سالوں سے ایک گولی پھنسی ہوئی ہے۔

پھر ایک دن اسے محسوس ہوا کہ جیسے اس کے سر میں کوئی عجیب ساگومڑ ہے، جو ہو سکتا ہے کہ کوئی دماغی رسولی ہو، جسے بہتر ہے کہ کسی ڈاکٹر کو دکھا دیا جائے۔ یہ شخص، جس کا پولیس نے نام نہیں بتایا، ابھی حال ہی میں ایک مقامی ہسپتال میں گیا اور وہاں اس نے اپنا ایکسرے کروایا۔

جب ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے بڑی حیرانی سے اسے بتایا کہ اس کے سر میں تو .22 بور کی ایک گولی پھنسی ہوئی ہے، جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ زخم بھر جانے کی وجہ سے اب ایک گومڑ محسوس ہوتی ہے، تو پہلے تو اس 35 سالہ پولستانی باشندے کو یقین ہی نہیں آیا۔

پھر کافی دیر تک اپنے ذہن پر زور دینے کے بعد اسے یاد آیا کہ سن 2004 ء یا پھر شاید 2005 ء میں 31 دسمبر کی رات، جب وہ اپنے دوستوں کے ساتھ نیو ایئر پارٹی منا رہا تھا تو کوئی شے بڑے زور سے اس کے سر میں لگی تھی۔

2000 Jahre alte Überreste eines Gehirns_Entdeckung in England
ایکسرے سے ہتہ چلا کہ اس کے سر میں گولی پھنسی ہوئی ہےتصویر: AP

اب ڈاکٹر اس شخص کے دماغ کا آپریشن کرنے کی تیاریاں کر رہے ہیں مگر جو بات بوخُم کے ہسپتال کے ڈاکٹروں کے علاوہ خود اس شخص اور شہر کی پولیس کے لئے معمہ بنی ہوئی ہے، وہ یہ ہے کہ سر میں گولی لگنے کے بعد فوری طور پر نہیں تو بعد میں ہی سہی، لیکن اس شخص کو اپنی اس چوٹ کا پتہ کیوں نہ چلا۔

لیکن اس کا جواب شاید اس شخص کی طرف سے ہسپتال کے دورے کے بعد پولیس کو دئے جانے والے اس بیان میں ہے کہ اسے سر میں گولی لگنے کا علم غالباﹰ اس لئے نہیں ہوا تھا کہ تب اس نے بہت زیادہ شراب پی رکھی تھی۔

بوخُم شہر کی پولیس کے ایک ترجمان نے اس پولستانی شہری کے بیان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس شخص کو ’’دنیا کا سب سے بُھلکڑ انسان‘‘ قرار دیا جا سکتا ہے، جو اپنے دماغ میں پھنسی گولی سے قطعی طور پر لاعلم پانچ سال تک اپنی روزمرہ زندگی کا ہر کام معمول کے مطابق انجام دیتا رہا۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عاطف بلوچ