1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا کا طویل القامت مجسمہ اب بھارت میں تعمیر ہو گا

17 جون 2011

بھارتی ریاست گجرات میں دنیا کا طویل القامت مجسمہ تعمیر کیا جائے گا۔ حریت پسند اور آزادیءبھارت کے ہیرو سردار ولبھ بھائی پٹیل کا یہ مجسمہ 182 میٹر اونچا ہو گا اور اس پر تین سو ملین ڈالر کی رقم خرچ ہو گی۔

https://p.dw.com/p/11dHg
بھارتی ریاست گجرات کے وزیر اعلیٰ نریندر مودیتصویر: AP

بھارتی ریاست گجرات کے وزیر اعلیٰ نریندر مودی کے بقول 597 فٹ اونچا یہ مجسمہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تعمیر کیا جا رہا ہے،’ میرا وژن ہے کہ میں ایک ایسا مجسمہ بناؤں جو آنے والی نسلوں کے لیے کچھ کر گزرنے کی تقویت کا باعث بنے‘۔ گجرات حکومت کے ترجمان کے بقول ولبھ بھائی پٹیل کا یہ طویل القامت مجسمہ دراصل ان کے عظیم خدمات کا ایک استعارہ ہے۔

اس مجسمے کی تعمیر کے لیے ٹینڈر نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔ گجرات حکومت کے مطابق مختلف کمپنیوں کی طرف سے درخواستیں موصول ہونے کے بعد اس مجسمے کی تعمیر کے لیے بہترین کمپنی کو چنا جائے گا۔ Statue of Unity نامی یہ مجسمہ دریائے نرمدا کے کنارے تعمیر کیا جائے گا اور جس کو قریب سے دیکھنے کے لیے کشتی میں بیٹھ کرجانا پڑے گا۔ اس وقت دنیا کا طویل ترین مجسمہ ’اسپرنگ ٹمپل آف بودھا‘ ہے، جس کی اونچائی 128 میٹر ہے۔ یہ مجسمہ عوامی جمہوریہ چین کے صوبے ہنان کے دور دراز قصبے لوشان میں واقع ہے۔

Narendra Modi
یہ منصوبہ نریندر مودی کی ذاتی کوششوں کا نتیجہ ہےتصویر: AP

بھارتی تاریخ میں ’مرد آہن‘ کے نام سے جانے والے ولبھ بھائی پٹیل 1875ء میں گجرات میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے برٹش راج سے آزادی کی خاطر بیش بہا قربانیاں دیں اور ہندووں کو متحد کرنے میں اہم کام سر انجام دیا۔ مہاتما گاندھی کے قریبی ساتھی سردار ولبھ بھائی پٹیل 1934ء میں کانگریس پارٹی کے رہنما منتخب کیے گئے تھے۔ انہوں نے آزادی کی تحریک کی خاطر مہاتما گاندھی کے ساتھ جیلیں بھی کاٹیں۔ ’ہندوستان چھوڑ دو‘ تحریک میں بھی ولبھ بھائی پٹیل نے اہم کردار ادا کیا ۔ وہ آزاد بھارت کے پہلے ہوم منسٹر بنے اور اپنی آخری زندگی تک بھارت کو ترقی کی راہوں پر استوار کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھیں۔ ان کا انتقال 1950ء میں ہوا۔

دوسری طرف کئی سماجی کارکنوں نے نریندر مودی کے اس منصوبے کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے۔ احمد آباد میں تحفظ ماحول کے ایک ادارے کے ڈائریکٹر مہیش پانڈے کے بقول،’ اگر نریندر مودی سردار ولبھ بھائی پٹیل کو عزت دینا چاہتے ہیں تو انہیں چاہیے کہ وہ اس صوبے میں غریب لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے یہ رقم خرچ کریں‘۔ انہوں نے کہا کہ جس صوبے میں لوگ بھوک سے مر رہے ہوں وہاں اتنی خطیر رقم سے تعمیر کیے جانے والے اس مجسمہ کے منصوبے کی ستائش نہیں کی جاسکتی۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں