1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا کا ہر تیسرا فرد انٹرنیٹ پر

27 جنوری 2011

دنیا بھر میں انٹرنیٹ صارفین کی تعداد دو ارب کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی ہے۔ یہ بات اقوام متحدہ کی ٹیلی کمیونیکیشن ایجنسی کے سربراہ حمادون تورے نے بتائی۔

https://p.dw.com/p/105gj
تصویر: dpa

اقوام متحدہ کی انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین (ITU) کے سیکرٹری جنرل نے میڈیا کو بتایا کہ موبائل فون کنکشنز کی تعداد بھی پانچ ارب کی حد عبور کرگئی ہے۔

تورے کے بقول سال 2000ء کے آغاز میں دنیا بھر میں موبائل فون سبسکرائبرزکی تعداد محض پچاس کروڑ تھی جبکہ انٹرنیٹ صارفین کی تعداد 25 کروڑ کے قریب تھی۔

اس ایجنسی کی طرف سے آن لائن پیش کردہ اعداد وشمار کے مطابق سال 2010ء کے اختتام تک انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی تعداد 20.8 بلین تک پہنچ گئی، جبکہ اس سے ٹھیک ایک برس قبل یہ تعداد 1.86 بلین تھی۔ ان اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ برس کے اختتام تک دنیا بھر میں موبائل فون کنکشنز کی تعداد 5.28 بلین تھی۔ سال 2009ء کے اختتام تک یہ تعداد 4.66 بلین تھی۔

Internetcafé in Moskau
ITU کے اعداد وشمار کے مطابق دنیا کی کُل آبادی 6.8 بلین میں سے ہر تیسرا فرد انٹرنیٹ استعمال کرتا ہےتصویر: AP

ITU کے اعداد وشمار کے مطابق دنیا کی کُل آبادی 6.8 بلین میں سے ہر تیسرا فرد انٹرنیٹ استعمال کرتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ان میں سے 57 فیصد افراد کا تعلق ترقی پزیر ممالک سے ہے۔ فکس لائن براڈ بینڈ انٹرنیٹ کنکشنز کی تعداد 2010ء کے اختتام تک 555 ملین جبکہ موبائل براڈبینڈ سبسکرپشن 940 ملین کا ہندسہ پار کرگئی ہے۔

دوسری طرف فکسڈ ٹیلیفون لینڈلائن کی تعداد مسلسل چوتھے برس بھی کمی کی طرف جارہی ہے اور گزشتہ برس کے اختتام تک یہ 1.2 بلین سے بھی نیچے آگئی ہے۔

ITU کے ڈیٹا کے مطابق انٹرنیٹ صارفین کی سب سے زیادہ شرح یورپ میں ہے، جس کے بعد بالترتیب امریکہ اور عرب ممالک کا نمبر آتا ہے۔

رپورٹ: افسراعوان

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں