1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا کی طاقت ور ترین خاتون، میرکل نہیں اب میشل اوباما

11 اکتوبر 2010

چار مرتبہ دنیا کی طاقت ور ترین خاتون کا اعزاز رکھنے والی جرمن چانسلر انگیلا میرکل اس سال اپنے اعزاز کا دفاع نہ کرسکیں۔ فوربز میگزین کے مطابق امریکی خاتون اول میشل اوباما اس مرتبہ کی طاقت ور ترین خاتون بن گئی ہیں۔

https://p.dw.com/p/Paor
امریکی خاتون اول میشل اوباماتصویر: picture-alliance / dpa

سن دو ہزار چار سے نیو یارک سے شائع ہونے والا دنیا کا معروف ترین بزنس میگزین فوربز ہر سال مختلف شعبوں میں کامیاب اور با اثر ترین افراد کی فہرست جاری کرتا ہے۔ اس مرتبہ، جب خواتین کی طاقت کے حوالے سے میشل اوباما کا نام پہلے نمبر پر آیا تو یہ سب کے لئے ایک حیرت سے کم نہیں تھا۔ میشل اوباما گزشتہ برس اس فہرست میں40 ویں نمبر پر تھیں۔

بہرحال جرمن چانسلر انگیلا میرکل اب دنیا کی طاقت ور ترین خاتون نہیں رہیں۔ وہ گزشتہ تین سالوں سے اپنے اعزاز کا دفاع کرتی آ رہی تھیں۔ اس مرتبہ اسی فہرست میں میرکل پھسل کر چوتھے نمبر پر آ گئی ہیں۔ امسالہ فہرست کے مطابق اشیاء خورد نوش کی کرافٹ نامی کمپنی کی سربراہ ارینے روزن فیلڈ دوسرے اور ایک ٹی وی شوز کی میزبانی کرنے والی اوپرہ ونفرے تیسرے نمبر پر ہیں۔ تاہم اگر صرف سیاست کی بات کی جائے تو میرکل کا نمبر دوسرا ہے۔

چار سال قبل، جب انگیلا میرکل فوربز کی اس فہرست میں اول نمبر پر آئیں تھیں تو انہوں نےخوشی کا اظہار کیا تھا۔ میرکل کو جرمنی کے علاوہ یورپی یونین پر ان کے اثر و رسوخ کی وجہ سے چنا گیا تھا تاہم فوربزکا کہنا ہے کہ موجودہ دور میں انگیلا میرکل کی مخلوط حکومت کافی کمزور ہو گئی ہے اور مختلف معاملات میں میرکل کی گرفت اور کارکردگی اب پہلے کی طرح نہیں رہی۔ بہرحال اس مرتبہ جرمن چانسلر نے فوربز کی طاقت ور ترین خواتین کی فہرست میں پہلے سے چوتھے نمبر پر آنے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

فوربز میگزین کے مطابق امریکہ کی خاتون اول میشل اوباما اپنی پیش رو لورا بش سے زیادہ سیاست میں حصہ لے رہی ہیں اور وہ سماجی کاموں میں ایک طاقت ور شخصیت کے طور پر سامنے آئی ہیں لیکن امریکی وزیرخارجہ ہلیری کلنٹن کی طرح وہ مرکزی سیاست کا حصہ نہیں ہیں۔ ہلیری کلنٹن اس فہرست میں پانچویں نمبر پر ہیں۔

Wahl Fernsehduell Merkel Schröder Angela Merkel
جرمن چانسلر انگیلا میرکل اب طاقتور ترین خاتون نہ رہیںتصویر: AP

سو طاقت ور ترین خواتین کی اس فہرست میں نصف سے زائد صنف نازک کا تعلق امریکہ سے ہے۔ پہلی دس خواتین میں جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور آسٹریلوی ویسٹ پیَک بینک کی سربراہ گیئل کیلی کے علاوہ تمام خواتین امریکی ہیں۔

فوربز کی اس فہرست میں صرف دو جرمن خواتین شامل ہیں ایک چانسلر میرکل جبکہ دوسری مشہور ماڈل ہائیڈی کلُم۔ ہائیڈی 39 ویں نمبر پر ہیں۔ ہائیڈی کُلم امریکہ ہجرت کر چکی ہیں اور ان کے پاس اس وقت امریکی پاسپورٹ ہے اس وجہ سے انہیں بھی امریکہ کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

فوربزمیگزین کی دنیا کی 100طاقتور خواتین کی فہرست میں مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین کو شامل کیا جاتا ہے۔ لسٹ میں اہم سرکاری عہدوں پر فائز خواتین ٹی وی اینکرز، گلوکارائیں، اداکارائیں اور ماڈلزسمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین شامل ہوتی ہیں۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید