1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا کے کم عمر ترین بادشاہ نے امورسلطنت سنھبال لئے

18 اپریل 2010

یوگنڈا میں موجود سلطنت کے بادشاہ اویو نییمبا کی 15 برس قبل اپنے والد کی وفات کے بعد تاج پوشی کی گئی تھی۔ اس وقت ان کی عمرصرف تین برس تھی۔ اویو کو دنیا کا کم عمر ترین حکمران قرار دیا جارہا ہے۔

https://p.dw.com/p/MzP5
تصویر: AP

ہفتہ 17 اپریل کو اویو نییمبا کی اٹھارویں سالگرہ اور 'ٹورو' کے امور سلطنت سنبھالنے کی تقریب میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ ٹورو نامی یہ سلطنت یوگنڈا کے مغربی علاقے میں واقع ہے۔ خصوصی تقریب میں نوجوان حکمران نے سفید رنگ کا روایتی چغہ پہن رکھا تھا۔

بہت سے افریقی ملکوں کے روایتی سرداروں نے چیتے کی کھال پر کھڑے اس کم عمر بادشاہ کو تحائف پیش کئے اور مصافحہ کیا۔ ان میں گھانا، ساؤتھ افریقہ، کینیا، زمبابوے، سوازی لینڈ اور مصر کے نمائندے بھی شامل تھے۔

ٹورو سلطنت کے ترجمان ایسائیا روان یکیرو کے مطابق یہ تقریب اپنی نوعیت میں اس صدی کی منفرد تقریب تھی جس میں دنیا کے کم عمر ترین حکمران نے اپنی سلطنت میں حکمرانی کا آغاز کیا۔

15 برس قبل 1993ء میں اویو کی تاج پوشی سے اب تک امورسلطنت چلانے کے لئےخصوصی مشیر ان کی مدد کررہے تھے۔ اویو نییمبا 18ویں سالگرہ اور امور سلطنت سنبھالنے سے قبل ہفتہ بھر سے خصوصی روایتی رسوم ادا رکررہے تھے جن میں شاہی نقارے بجانے کی تقریب کے علاوہ دیگر کئی رسوم شامل تھیں۔

رپورٹ : افسر اعوان

ادارت : عابد حسین