1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دورہ آسٹریلیا کے لئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان

9 دسمبر 2009

آسٹریلیا کے دورے کے لئے کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔ تین ٹیسٹ اور پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لیے کپتانی کی ذمہ داری محمد یوسف کو سونپی گئی ہے۔ سابق کپتان یونس خان کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔

https://p.dw.com/p/KxmA
تصویر: AP

وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل ٹیسٹ میچز میں یوسف کے نائب ہوں گے جبکہ آل راؤنڈر شاہد آفریدی ایک روزہ میچ میں نائب کپتان ہونگے۔

دورہ نیوزی لینڈ سے قبل، تسلی بخش کار کردگی نہ دکھانے پر آرام کی درخواست دینےکے بعد سے یونس خان کی کوئی خبر نہیں۔ بتیس سالہ خان نے نیوزی لینڈ سے ابو ظہبی میں ایک روزہ سیریز دو ایک سے ہارنے کے بعد کوئی میچ نہیں کھیلا۔ سابق کپتان نے دورہ آسٹریلیا کے لئے، ضروری پاکستان میں ڈومیسٹک میچز میں بھی حصہ نہیں لیا۔ یاد رہے کہ یونس خان کو اس سے قبل سال دو ہزار گیارہ کے ورلڈ کپ تک کے لئے کپتان نامزد کیا جا چکا ہے۔ چیف سلیکٹر اقبال قاسم کے بقول یونس نے اپنی دستیابی سے انہیں آگاہ نہیں کیا اس لئے بورڈ نے بھی ان کے نام پر غور نہیں کیا۔

دورہ آسٹریلیا کے لئے پندرہ کے بجائے سولہ کھلاڑیوں کے نام کا اعلان کیا گیا ہے۔ پانچ اور دس سال قبل کینگروز کے دیس میں پاکستانی ٹیم تین صفر کے واضح فرق سے ہاری تھی۔

Younus Khan pakistanischer Cricketspieler und Kaptitän
یونس خانتصویر: AP

اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کے نام: محمد یوسف ( کپتان ) شاہد آفریدی، سلمان بٹ، عمران فرحت،خرم منظور، شعیب ملک، مصباح الحق، فیصل اقبال، عمراکمل، کامران اکمل، فواد عالم، عمرگل، محمد عامر،محمد آصف، دانش کنیریا، سعید اجمل اور عبدالرؤف۔ نیوزی لینڈ میں موجود اٹھارہ رکنی ٹیم میں شامل یاسرعرفات اور سرفراز احمد ڈراپ کردیے گئے ہیں۔ یاسرعرفات نیوزی لینڈ میں کوئی میچ کھیلے بغیر واپس پاکستان لوٹیں گے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ چھبیس سے تیس دسمبر تک میلبورن میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا ٹیسٹ تین سے سات جنوری تک سڈنی میں اور تیسرا ٹیسٹ چودہ سے سترہ جنوری تک ہوبارٹ میں ہوگا۔ پہلا ون ڈے میچ بائیس جنوری کو برسبین، دوسرا چوبیس جنوری کو سڈنی میں اور تیسرا ون ڈے میچ چھبیس جنوری کو ایڈیلیڈ میں ہوگا۔سیریز کے آخری دو ون ڈے میچ پرتھ میں انتیس اور اکتیس جنوری کو کھیلے جائیں گے۔ دورے کا واحد ٹوئنٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل پانچ فروری کو میلبرن میں ہوگا۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : گوہر نذیر گیلانی