1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دورہ انگلینڈ: پاکستان پہلا ایک روزہ میچ بھی ہار گیا

11 ستمبر 2010

انگلینڈ اورپاکستان کےمابین پانچ ایک روزہ کرکٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں میزبان ٹیم نے پاکستان کو چوبیس رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/P9ay
انگلش فاست بولر اسٹیورٹ براڈ خوشی مناتے ہوئےتصویر: AP

چیسٹرلی سٹریٹ میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تاہم 275 رنز کے تعاقب میں تمام ٹیم مقررہ اوورز میں 250 ہی بنا سکی۔ بارش کی وجہ سے یہ میچ 50 کی بجائے 41 اوورز کا کردیا گیا تھا۔

انگلینڈ کے اوپنربلے بازوں نے ٹیم کو اچھا آغاز دیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 78 رنز بنائے۔ آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی کپتان اینڈریو سٹراؤس تھے، جنہوں نے دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے اکتالیس رنز بنائے۔ انہیں سعید اجمل نے بولڈ کیا۔ دوسرے اوپنرسٹیو ڈیوس نے 87 رنز کی دھواں داراننگز سے پاکستانی بولرز کو پریشان کردیا۔ وہ بھی سعید اجمل کی گیند پر کامران اکمل کو کیچ دے بیٹھے۔

Cricket - Shahid Afridi
بوم بوم آفریدی بھی کچھ نہ کر سکےتصویر: AP

ون ڈاؤن بلے بازجوناتھن ٹراؤٹ نے بھی اعلیٰ کھیل پیش کیا۔ انہوں نے 69 رنز بنائےاوروہ بھی سعید اجمل کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ پال کولنگ ووڈ اوراوئن مورگن اگرچہ کوئی خاص کھیل کا مظاہرہ نہ کر سکے تاہم روی بوپارا نے 35 رنز کی انفرادی اننگز سے انگلینڈ کا مجموعی سکور 274 تک پہنچا دیا۔ انگلش ٹیم نے مقررہ اکتالیس اوورز پورے کھیلے اوراس کے چھ کھلاڑی آوٹ ہوئے۔

پاکستان کی طرف سے کامیاب ترین بولر سعید اجمل رہے جنہوں نے چار وکٹیں لیں جبکہ کپتان شاہد آفریدی ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔ شعیب اختر نے بے حد عمدہ بولنگ کی تاہم نہ تو وہ کوئی وکٹ حاصل کرسکے اور نہ ہی دوسری طرف پہلا میچ کھیلنے والے محمد عرفان اور تجربہ کار کھلاڑی عمر گل شعیب اختر کا ساتھ نہ دے سکے۔ بین الاقوامی کرکٹ کی تاریخ میں دراز ترین قد کے مالک محمد عرفان نے اپنے پہلے اوور میں ہی پندرہ رنز دیے۔ عرفان کا قد سات فٹ ایک انچ ہے۔ شعیب اختر نے اپنے پہلے سپل کے پانچ اوورز میں صرف نو رنز دیے جبکہ دوسرے اینڈ سے انگلش کھلاڑیوں نے ابتدائی بارہ اوورز میں اپنا مجموعی سکور 80 تک پہنچا دیا۔

Shoaib Akhtar Mai 2009
شعیب اختر کا ساتھ کوئی بھی بولر نہ دے سکاتصویر: AP

پاکستان نے جب اپنی اننگز شروع کی تو اوپنرز کامران اکمل اورمحمد حفیظ نےاچھا کھیل پیش کیا۔ ان دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 62 رنز بنائے۔ کامران اکمل نے 53 جبکہ حفیظ نے 30 رنز بنائے۔ تجربہ کار محمد یوسف صرف آٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ بعد ازاں عمر اکمل اور فواد عالم نے ٹیم کو سہارا دیا لیکن پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں رنز کی اوسط ٹھیک نہ کر سکے۔ فواد اوراکمل بالترتیب 39 اور43 رنز بنا سکے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان شاہد آفریدی بھی کچھ نہ کر سکے اورانیس رنز بنا کر چلتے بنے۔

انگلینڈ کی طرف سے جیمز اینڈرسن، ٹم بریسنن، مائیکل ہارڈی اور گریم سوان نے دو دو جبکہ اسٹیورٹ براڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ کھیل کے بہترین کھلاڑی انگلش وکٹ کیپر بیٹسمین سٹیو ڈیوس قرار پائے۔ پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے سلسلے میں دوسرا میچ بارہ ستمبر کو لیڈز میں کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں