1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دوسرا بین الاقوامی، یوگا ڈے

افسر اعوان21 جون 2016

آج دنیا بھر میں یوگا کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ یہ دن منانے کے لیے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی یوگا کی مشقیں کیں اور یوگا کو ’لوگوں کی اجتماعی تحریک‘ قرار دیا۔

https://p.dw.com/p/1JAcN
تصویر: picture-alliance/Indian Press Information Bureau

بھارت بھر میں فوجیوں، نیوی سیلز، اسکولوں کے طالب علموں اور سرکاری افسران نے عوامی مقامات پر بڑے بڑے اجتماعات میں یوگا کی مشقوں میں حصہ لیا۔ یوگا کا عالمی دن منانے کا آغاز گزشتہ برس سے ہوا تھا اور یہ دوسرا موقع ہے جب اسے منایا جا رہا ہے۔

بھارت کے علاوہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی یوگا سیشنز منعقد کیے گئے۔ ان میں سڈنی کا اوپرا ہاؤس بھی شامل ہے جہاں رنگ برنگے میٹس پر بڑی تعداد میں لوگوں نے یوگا مشقیں کیں۔ اس کے علاوہ افغان دارالحکومت کابل میں قائم بھارتی سفارت خانےمیں بھی افغان اور دیگر ممالک کے شہری اس مقصد کے لیے جمع ہوئے۔

یوگا سے محبت کرنے والے مودی، جنہوں نے ایک سفید ٹریک سوٹ پہن رکھا تھا، ملک کے شمالی شہر چندی گڑھ میں منعقد ہونے والے یوگا کے ایک بڑے سیشن میں شریک ہوئے۔ اس اجتماع میں 30 ہزار سے زائد افراد شریک تھے۔ ان لوگوں نے مشترکہ طور پر یوگا کے مختلف آسن بنائے اور سانس کی مشقیں کیں۔

اس موقع پر مودی نے ایک مختصر خطاب میں کہا، ’’انتظار نہ کریں، یوگا کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔‘‘ یہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی ہی تھے جنہوں نے کامیابی سے اقوام متحدہ کو اس بات پر قائل کیا کہ یوگا کا عالمی دن منایا جانا چاہیے۔

سڈنی کے اوپرا ہاؤس کے سامنے بھی رنگ برنگے میٹس پر بڑی تعداد میں لوگوں نے یوگا مشقیں کیں
سڈنی کے اوپرا ہاؤس کے سامنے بھی رنگ برنگے میٹس پر بڑی تعداد میں لوگوں نے یوگا مشقیں کیںتصویر: Getty Images/AFP/W. Teodoro

65 سالہ نریندر مودی کا اپنے خطاب میں مزید کہنا تھا، ’’یہ ایک ایسا دن ہے جسے اچھی صحت کے ساتھ جوڑا جاتا ہے اور اب یہ لوگوں کی ایک اجتماعی تحریک بن گیا ہے۔‘‘ مودی نے اس موقع پر اپنے ساتھی یوگیوں، طلبہ اور فوجیوں کے آسن درست کرانے میں مدد بھی کی۔

دوسرے عالمی یوگا دن کے موقع پر مودی حکومت کے وزراء کو بھی مختلف شہروں میں بھیجا گیا جہاں انہوں اسکول کے طلبہ اور دیگر عوام کے ساتھ یوگا مشقوں میں حصہ لیا۔ جبکہ بھارتی نیوی کے سیلرز نے بھی ٹویئٹر پر اپنی تصاویر جاری کیں جن میں انہوں ایئرکرافٹ کیریئر پر یوگا مشقیں کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

مودی بہت کم گھنٹوں کی نیند لے کر طویل اوقات تک مصروف عمل رہتے ہیں اور اپنی اس صلاحیت کا سہرا وہ یوگا کے سر باندھتے ہیں۔ بھارتی اسکالرز کو یقین ہے کہ یوگا دراصل پانچ ہزار برس قبل بھی موجود تھا جس کے نشانات مختلف آثار قدیمہ میں بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔

نریندر مودی نے یوگا کو فروغ دینے کے لیے ایک وزارت بھی قائم کی ہے۔ گزشتہ برس پہلے عالمی یوگا ڈے کے موقع پر مودی نے نئی دہلی میں 35 ہزار سے زائد افراد کے ساتھ مل کر یوگا کی مشقیں کی تھیں۔