1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دوسرا ون ڈے، سری لنکا نے میدان مار لیا

21 جنوری 2009

نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں مہمان ٹیم سری لنکا نے میزبان پاکستان کو 129 رنوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز فی الحال ایک۔ایک سے برابر کرلی ہے۔

https://p.dw.com/p/Gdib
پاکستانی اوپنر سلمان بٹ جنہوں نے دونوں میچوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیاتصویر: AP

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی لیکن یہ فیصلہ صحیح ثابت نہیں ہوا۔ سری لنکا نے مقررہ پچاسں اووروں میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 290 رنز بنائے۔ سری لنکا کی جانب سے دلشان اور کاندامبی نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ 76 رنز بنانے والے تلک رتنا دلشان کو ’مین آف دی میچ‘ قرار دیا گیا۔ پاکستان کی طرف سے عمر گُل نے 58 رنوں کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز انتہائی مایوس کُن رہا۔ پہلے ہی اوور میں افتتاحی بلے باز خرم منظور محض ایک رن بناکر کُلاسیکرا کی گیند پر ’ایل بی ڈبلیو‘ آوٴٹ ہوئے۔ خرم منظور نےپہلے میچ میں 83 رنز بنائے تھے۔ پہلے ون ڈے میچ میں سنچری بنانے والے اوپننگ بیٹسمین سلمان بٹ نے دوسرے میچ میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 62 رنز بنائے۔ لیکن مڈل آرڈر میں پاکستان کے دو اہم ترین بیٹسمین یونس خان اور مصباح الحق خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکے۔ یونس خان چار اور مصباح الحق ایک رن بناکر آوٴٹ ہوئے۔ سترہ کے مجموعی اسکور پر پاکستان اپنی تین وکٹیں گنوا چکا تھا۔

کپتان شعیب ملک نے اوپنر سلمان بٹ کے ساتھ مل کر اچھی بیٹنگ کی اور ٹیم کا اسکور 125 رنز تک پہنچایا لیکن اسی اسکور پر دونوں بیٹسمین آوٴٹ ہوئے۔ شعیب ملک نے 54 رنز بنائے۔ اس کے بعد وکٹ کیپر کامران اکمل اور بوم بوم شاہدآفریدی بھی جلدی ہی آوٴٹ ہوگئے۔ پاکستان کی پوری ٹیم 161 پر ڈھیر ہوگئی۔

سری لنکا کی جانب سے مرلی دھرن اور اجنتھا مینڈس نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔