1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’دولت اور طاقت کی نہ ختم ہونے والی ہوس قابل مذمت ہے‘، پوپ

امجد علی25 ستمبر 2015

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے مزید انسان دوست اور ماحول دوست عالمی نظام کی ضرورت پر زور دیا ہے اور دولت اور طاقت کی نہ ختم ہونے والی ہوس کی مذمت کی ہے۔

https://p.dw.com/p/1GdoB
Papst Franziskus UN Rede
تصویر: Getty Images/A. Renneisen

پوپ فرانسس نے دنیا بھر سے نیویارک میں جمع رہنماؤں سے مخاطب ہو کر کہا کہ لالچ اس دھرتی کے وسائل کو تباہ کر رہا ہے اور غربت میں اضافے کا سبب بن رہا ہے۔ دنیا بھر کے رومن کیتھولک عقیدے کے حامل 1.2 ارب انسانوں کے روحانی پیشوا نے جنرل اسمبلی کے سامنے اپنے پہلے خطاب میں سماجی اور اقتصادی طور پر انسانوں کو الگ تھلگ اور تنہا کر دینے کے رجحانات کو بھی ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہا:’’طاقت اور مادی خوش حالی کی خود غرضانہ اور نہ ختم ہونے والی ہوس ایک جانب دستیاب قدرتی وسائل کے ناجائز استعمال کا سبب بن رہی ہے اور دوسری طرف دنیا کے کمزور اور پسماندہ انسان بہت پیچھے اور تنہا رہ گئے ہیں۔‘‘

دو سال پہلے لاطینی امریکا سے تعلق رکھنے والی پہلی شخصیت کے طور پر پاپائے روم منتخب ہونے والے پوپ فرانسس اکثر اپنے بیانات اور تقاریر میں ’بے قابو ہو چکے‘ سرمایہ دارانہ نظام کو تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں۔ اپنے اس خطاب میں بھی اُنہوں نے موجودہ عالمگیر معاشی نظام کو ہدفِ تنقید بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی فنڈ آئی ایم ایف اور اس طرح کے دیگر اداروں کی طرف سے عائد کردہ شرائط سے اقتصادی بحرانوں کو ہوا ملتی ہے۔

78 سالہ پوپ نے دنیا میں امن کی ضرورت پر بھی زور دیا اور یہ بھی کہا کہ دنیا بھر میں تشدد کا نشانہ بننے والی اقلیتوں کو تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے۔ اُنہوں نے عالمی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ انسانی تجارت کو روکیں اور جوہری ہتھیاروں پر پابندی عائد کریں۔

کرہٴ ارض کے ایک ممکنہ طور پر تاریک مستقبل کا ذکر کرتے ہوئے پوپ نے کہا:’’ماحولیاتی بحران اور بڑے پیمانے پر حیاتیاتی تنوع کی تباہی خود انسان کی بقا کو خطرے سے دوچار کر سکتے ہیں۔‘‘

پوپ کے اس خطاب کو سننے والوں میں کیوبا کے صدر راؤل کاسترو کے ساتھ ساتھ اٹھارہ سالہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی بھی شامل تھی، جولڑکیوں کے تعلیم کے حق کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔

اس سال اقوام متحدہ اپنے قیام کے ستر برس مکمل ہونے کی تقریبات منعقد کر رہی ہے اور ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ تعداد میں عالمی رہنما جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔

پوپ نے امریکا کے دورے کے دوران بھی ایک ماحول دوست پوپ کی شہرت برقرار رکھی اور ایک چھوٹی سی کار میں بیٹھ کر واشنگٹن اور نیویارک میں سفر کرتے رہے۔ اُن کا دورہٴ امریکا اتوار کو فلاڈیلفیا میں اپنے اختتام کو پہنچے گا۔ وہ کیوبا کا دورہ مکمل کرنے کے بعد جمعرات کو امریکا کے دورے پر دارالحکومت واشنگٹن پہنچے تھے۔