1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دولماتن کو ہلاک کردیا گیا، انڈونیشی صدر یودھویونو

10 مارچ 2010

انڈونیشیا کے صدر سوسیلو بامبانگ یودھو ہونو نے تصدیق کردی ہےکہ بالی بم دھماکوں کے مبینہ ماسٹر مائنڈ دولماتن کو ایک پولیس کارروائی میں ہلاک کردیا گیا ہے۔ امریکہ کی جانب سے دولماتن کے سر کی قیمت ایک کروڑ ڈالر مقرر تھی۔

https://p.dw.com/p/MOqH
دولماتن کی سال 2006ء میں جاری کی جانے والی ایک فائل فوٹو۔تصویر: AP

دولماتن دہشت گرد قرار دی جانے والی تنظیم جماعت الاسلامیہ کے اہم ترین رہنماؤں میں ایک تھا۔ اس کا شمار ایشیا کے مطلوب ترین دہشت گردوں میں ہوتا تھا۔

Indonesien Präsident Susilo Bambang Yudhoyono
انڈونیشیا کے صدر سوسیلو بامبانگ یودھو یونو نے دولماتن کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے اسے دہشت گروپوں کے لئے ایک بڑا نقصان قرار دیاہے۔تصویر: AP

دولماتن کو انسداد دہشت گردی کی پولیس نے انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ کے نواح میں منگل کے روز ایک کارروائی کے دوران ہلاک کیا۔ گزشتہ برس ستمبر میں ملیشیا سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد نورالدین محمد توپ کی ہلاکت کے بعد دولماتن کی ہلاکت کو اہم ترین کامیابی قرار دیا جارہا ہے۔

39 سالہ دولماتن کو جسے عمر پاٹک کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، سال 2002ء میں انڈونیشیا کے جزیرے بالی میں ہونے والے بم دھماکوں میں ملوث قرار دیا جاتا ہے۔ اس تفریحی مقام پر ہونے والے دھماکوں میں 202 افراد ہلاک ہوگئے تھے جن میں 88 آسٹریلین سیاح بھی شامل تھے۔

آسٹریلیا کے دورے پر پہنچے انڈونیشیا کے صدر سوسیلو بامبانگ یودھو یونو نے دولماتن کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے اسے دہشت گردوں کے لئے ایک بڑا نقصان قرار دیا۔ آسٹریلوی پارلیمان سے خطاب میں یودھویونو نے مزید کہا کہ انڈونیشیا میں جماعت اسلامیہ تنطیم سمیت دہشت گرد گروپوں کے خلاف کارروائی ہرحال میں جاری رکھی جائے گی۔

Australien Aborigines australische Ureinwohner Kevin Rudd
آسٹریلوی وزیراعظم کیوِن رَڈ نے دولماتن کی ہلاکت کو دہشت گردی کے خلاف انڈونیشیا کی اہم کامیابی قرار دیا ہے۔تصویر: AP

اس موقع پر آسٹریلوی وزیراعظم کیوِن رَڈ نے انڈونیشیائی حکام کو اس کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا،" میں صدر یودھو یونو کی توسط سے انڈونیشیائی حکام کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں اور بتانا چاہتا ہوں کہ دہشت گردی کے خلاف کی جانے والی کوششوں کی ہم بے حد قدر کرتے ہیں۔ یہ انڈونیشی سیکیورٹی فورسز کی انتہائی پیشہ ورانہ کارروائی تھی اور حالیہ مہینوں میں حاصل کی جانے والی اہم ترین کامیابی۔"

انڈونیشی حکام کے مطابق دولماتن کو منگل کے روز ایک نیٹ کیفے میں ہلاک کیا گیا جہاں وہ انٹرنیٹ استعمال کرنے کے لئے پہنچا تھا۔ پولیس کے پہنچنے پر دولماتن نے اپنے ریوالور سے فائرنگ کی جس کے جواب میں کی جانے والی فائرنگ میں وہ ہلاک ہوگیا۔

اس سے قبل 2008ء میں بھی دولماتن کی ہلاکت کی خبریں سامنے آئی تھیں جو بعد ازاں غلط ثابت ہوئیں۔ یہی وجہ ہے کہ منگل کے روز تین مبینہ دہشت گردوں کی ہلاکت کے بعد فوری طور پر پولیس حکام نے دولماتن کی ہلاکت کی تصدیق کرنے سے انکار کردیا تھا۔

مقامی میڈیا کے مطابق امریکی صدر باراک اوباما کے دورہ انڈونیشیا سے قبل حکام نے دہشت گردوں کے خلاف فروری سے بڑا آپریشن شروع کررکھا ہے۔ اور صدر اوباما کی آمد سے کوئی دس دن قبل اس کامیابی کو بہت اہم قرار دیا جارہا ہے۔

رپورٹ : افسر اعوان

ادارت: عدنان اسحاق