1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دو بڑے بالی وُڈ ستاروں والی اینیمیٹد فلم، ایک نئی امید

23 دسمبر 2010

بھارتی اینمیٹرز اس بات کی امید کر رہے ہیں کہ نئی ریلیز ہونے والی اینیمیٹڈ فلم میں بھارت کے دو بڑے فلمی ستاروں کی جلوہ گری، بھارتی اینیمیشن سیکٹر کو ایک نئی زندگی دے گی۔

https://p.dw.com/p/zoqW
تصویر: AP

بھارت کی نئی فیچر فلم 'ٹون پور کا سپر ہیرو' ایک ایسی فلم ہے جس میں کارٹون کرداروں کے علاوہ معروف بھارتی فنکار جوڑی اجے دیوگن اور کاجول نےحقیقی کردار ادا کئے ہیں۔ بھارتی تجزیہ کاروں کی جانب سے امید کی جا رہی ہے کہ جمعہ کی شام یعنی کرسمس ایوپر ریلیز ہونے والی یہ فلم اگر باکس آفس پر کامیاب رہی تو اس سے مقامی طور پر بنائی جانے والی اینیمیٹڈ فلموں میں سرمایہ کاری کے امکانات مزید بڑھ جائیں گے۔

Flash-Galerie Toonpur ka Superhero 10
معروف فلمی جوڑے اجے دیوگن اور کاجول کی اس فلم سے کافی توقعات وابستہ کی جارہی ہیںتصویر: Eros International

بھارتی میگزین’ اینیمیٹر رپورٹر‘ سے تعلق رکھنےوالے Andrew Gonsalves کہتے ہیں کہ بالی وُڈ کے مشہور فلمی اداکاروں کی اینیمیشن فلموں میں آمد اس صنعت کو فروغ دینے میں بہت معاون ہوگی۔ اینڈریو نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس فلم کی کامیابی سے ایسے مزید پراجیکٹس سامنے آئیں گے۔

اس سے قبل بھارتی اینیمیٹڈ فلم ’ہنومان‘ کو سن 2005 میں جب ریلیز کیا گیا تو اس نے بے پناہ مقبولیت حاصل کی۔ فلم کی کامیابی نے اس طرز کی مزید فلمیں بنانے کے لئے فلم سازوں کی حوصلہ افزائی کی اور 2008 میں اس کا دوسرا حصہ ’ ہنومان ٹو‘ کے نام سے ریلیز کیا گیا۔ اس دوران امریکہ کے معروف فلم اسٹوڈیو ڈزنی نے بھی معروف بھارتی اداکاروں کو استعمال کرتے ہوئے " روڈ سائڈ رومیو" نامی اینیمیٹڈ فلم ریلیز کی۔ ان دونوں فلموں کو باکس آفس پر بری طرح ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے اس صنعت میں مزید سرمایہ کاری کے مواقع وقتی طور پر رک گئے۔

Flash-Galerie Toonpur ka Superhero 6
بھارت کی پہلی 3D اینیمیٹیڈ کارٹون فلم ٹون پور کا سپر ہیرو ، کرسمس ایو پر ریلیز ہو رہی ہےتصویر: Eros International

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے بھارت کی پہلی 3D اینیمیٹڈ اور فیچر فلم 'ٹون پور کا سپر ہیرو' کے فلم ڈائریکٹر کیرت کھرانہ کا کہنا ہے کہ ہالی وُڈ میں اگر ایک کارٹون فلم بنانے کی لاگت 80 سے 120 ملین ڈالر آتی ہے تو بالی ووڈ میں یہ نئی فلم اس بجٹ کے دسویں حصے میں بنائی گئی ہے۔ کھرانہ کے مطابق اس کے باوجود بھی بھارت میں کسی کارٹون پراجیکٹ پر سرمایہ کاری کرنے سے لوگ ہچکچاتے ہیں۔

تاہم اینیمیٹر رپورٹر میگزین کے Gonsalvesکہتے ہیں کہ دو معروف ترین اداکاروں کی شمولیت سے فلم ٹون پور کی ریلیز ، بھارتی اینیمیشن فلم انڈسٹری پر طاری جمود توڑنے میں مدد دےگی۔

'ٹون پور کا سپر ہیرو'میں معروف بھارتی اداکار اجے دیوگن ایک ایسے بالی وُڈکےایکشن ہیروکا کردار ادا کر رہے ہیں جو اصل زندگی میں اپنے بچوں کا بھی ہیرو بننا چاہتا ہے۔ پھر کسی طرح وہ اچانک ٹون پور پہنچ جاتا ہے جہاں اس کے بچوں کے پسندیدہ کارٹون کردار رہتے ہیں اور وہ نہ چاہتے ہوئے بھی وہاں جاری اچھائی اور برائی کے درمیان جاری جنگ کا حصہ بن جاتا ہے۔ یہ فلم کرسمس ایو کے موقع پر جمعہ کو ریلیز ہو رہی ہے۔

رپورٹ:عنبرین فاطمہ

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں