1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دُنیا کی بہترین یونیورسٹیوں کی نئی فہرست

رپورٹ:ندیم گِل، ادارت:عابد حسین9 اکتوبر 2009

دُنیا کی 100بہترین یونیورسٹیوں کی نئی فہرست جاری کر دی گئی ہے، جس کے مطابق امریکہ کی ہارورڈ یونیورسٹی رواں برس بھی نمبر ایک پر ہے۔ امریکہ ہی کی Yale یونیورسٹی دوسری سے تیسری پوزیشن پر آ گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/K2TI
آکسفورڈیونیورسٹی اس مرتبہ بھی نمبر ایک پرتصویر: AP

برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی تیسرے سے دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ رواں برس کی فہرست میں چوتھی پوزیشن یونیورسٹی کالج لندن کو ملی ہے، جو گزشتہ برس ساتویں نمبر پر تھی۔ پانچویں پوزیشن امپیریئل کالج لندن اور آکسفورڈ یونیورسٹی کو مشترکہ طور پر دی گئی ہے۔ گزشتہ برس آکسفورڈ چوتھے اورامپیرئیل چھٹے نمبر پر تھی۔

اس سال چھٹے نمبر پر یونیورسٹی آف شکاگو، ساتویں پر پرنسٹن یونیورسٹی، آٹھویں پر ایم آئی ٹی، نویں پر کیلی فورنیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اور دسویں نمبر پر نیو یارک میں قائم کولمبیا یونیورسٹی شامل ہے۔

BdT Elite-Unis Blick am Freitag, 19. Oktober 2007 in die Bibliothek der Freien Universitaet in Berlin
جرمنی کی فری یونیورسٹی کی لائبریری کا منظرتصویر: AP

ایک سو بہترین بین الاقوامی تعلیمی اداروں کی اس فہرست میں سے بیشتر امریکی اور برطانوی ہیں۔ تاہم تازہ فہرست میں امریکی یونیورسٹیوں کی تعداد گزشتہ برس کے 37 کے مقابلے میں کم ہو کر 32 ہو گئی ہے۔ برطانیہ کے17 تعلیمی ادارے اس فہرست میں شامل ہے جبکہ گزشتہ برس یہ تعداد18 تھی۔

آسٹریلیا تیسرے نمبر پر ہے، جس کے آٹھ تعلیمی ادارے فہرست میں شامل ہے۔ گزشتہ برس اس کی سات یونیورسٹیوں کو منتخب کیا گیا تھا۔ رواں برس آسٹریلین نیشنل یونیورسٹی اس فہرست میں 17ویں نمبر پر ہے۔

برطانیہ کے علاوہ دیگر یورپی ممالک کے 21 تعلیمی ادارے اس فہرست میں شامل ہیں، جن میں سرفہرست سوئٹزرلینڈ کاETH زیورخ ہے۔ اسے یونیورسٹی آف ایڈنبرا کے ساتھ مشترکہ طور پر20 ویں پوزیشن دی گئی ہے۔ جرمن دارالحکومت برلن کی فری یونیورسٹی چوراسویں پوزیشن پر ہے۔

اس فہرست میں ایشیائی یونیورسٹیوں کی تعداد 16ہے، جو گزشتہ برس14تھی۔ رواں برس جاپان کی یونیورسٹی آف ٹوکیو 22ویں نمبر پر ہے جبکہ یونیورسٹی آف ہانگ کانگ24 ویں پر۔

BdT Yale Universität Gedenken an ermordete Studentin
امریکہ کی Yaleیونیورسٹی میں ایک دعائیہ تقریبتصویر: AP

دوسری جانب براعظم ایشیا کی سو اعلیٰ جامعات کا اعلان بھی کردیا گیا ہے، جن میں ہانگ کانگ یونیورسٹی سرفہرست ہے۔ ہانگ کانگ ہی میں قائم چائنا یونیورسٹی کو دوسری پوزیشن دی گئی ہے۔ جاپانی دارالحکومت ٹوکیو کی مشہور یونیورسٹی عالمی سطح پر بائیسویں پوزیشن پر ہے تو ایشیاء میں اُس کی رینکنگ تیسری ہے۔ ٹاپ ٹین یونیورسٹیوں میں سنگاپور کی نیشنل یونیورسٹی اور بیجنگ یونیورسٹی بھی شامل ہیں۔ پاکستان اور بھارت کا کوئی تعلیمی ادارہ اس فہرست میں شامل نہیں ہے۔

یونیورسٹیوں کی یہ عالمی ریکنگ تعلیمی اداروں کے سروے کے ذریعے ترتیب دی جاتی ہے۔ اس سروے میں دُنیا بھر سے منتخب ماہرین تعلیم حصہ لیتے ہیں۔ وہ تعلیمی اداروں میں تحقیقی سہولتوں، تعلیمی معیار اور بیرون ممالک سے طلباء اور اساتذہ کو بھرتی کرنے کی اہلیت کے نتاظر میں جائزہ پیش کرتے ہیں۔ یہ فہرست لندن کا 'ٹائمز ہائیر ایجوکیشن سپلیمنٹ' ترتیب دیتا ہے۔