1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’دہشت گرد گروپ سے رابطہ، مہاجر کی درخواست مسترد ہو سکتی ہے‘

عابد حسین
31 جنوری 2017

یورپی عدالت نے کہا ہے کہ کسی دہشت گرد تنظیم سے رابطہ رکھنے والے سیاسی پناہ کے متلاشی کی درخواست رد کی جا سکتی ہے۔ یہ عدالتی فیصلہ یورپی عدالت برائے انصاف نے آج منگل اکتیس جنوری کو سنایا۔

https://p.dw.com/p/2WhXZ
Europäischer Gerichtshof in Luxemburg EuGH
لکسمبرگ میں واقع یورپی عدالتِ انصافتصویر: AP

آج منگل کے روز اعلیٰ ترین یورپی عدالت نے ایک مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین کی کوئی بھی رکن ریاست ایسے کسی بھی شخص کی سیاسی پناہ کی درخواست کو مسترد کر سکتی ہے، جو کسی دہشت گرد گروپ کے ساتھ رابطے میں ہو۔ اس فیصلے میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ کہ درخواست اِس صورت میں بھی رد کی جا سکتی ہے اگر درخواست کنندہ ماضی میں کسی دہشت گرد گروپ کی کارروائیوں کا حصہ رہا ہو۔

لکسمبرگ میں واقع یورپی عدالت برائے انصاف نے یہ فیصلہ ایک مراکشی باشندے مصطفیٰ لُونانی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے تحریر کیا۔ لونانی کی سیاسی پناہ کی درخواست بیلجیم حکومت نے مسترد کر دی تھی۔

مراکشی باشندے نے اپنی اپیل میں سیاسی پناہ حاصل کرنے کے لیے یہ بنیاد بنائی تھی کہ اگر اُسے واپس مراکش بیجا گیا تو سکیورٹی حکام اُسے حراست میں لے کر تشدد کا نشانہ بنا سکتے ہیں۔ لونانی کے وکیل نے یہ یھی واضح کیا کہ مراکشی حکام اُس کے موکل مصطفیٰ لونانی کو تحویل میں لینے کے بعد بنیاد پرست اور جہادی قرار دے سکتے ہیں۔

Großbritannien Kopien des Urteils des Obersten Gerichtshofes
بیلجیم کی عدالت نے لونانی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اُسے چھ برس کی قید سزا بھی سنائی تھیتصویر: Reuters/T. Melville

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اگر کوئی دہشت گردی کے نیٹ ورک کا حصہ رہتے ہوئے جہادی سرگرمیوں میں شریک رہا ہے، تو اُس کی سیاسی پناہ کی درخواست کو منظور نہیں کیا جا سکتا۔ عدالت نے کہا کہ درخواست رد کرنے کے لیے بادی النظر میں شبہ بھی کافی ہو سکتا ہے اور یہ ضروری نہیں کہ اُس نے ذاتی طور پر کوئی دہشت گردانہ فعل سرزد کیا ہو یا گروپ کی تشکیل کا حصہ رہا ہو۔

عدالت نے اس ضمن میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی سن 2014 میں منظور کی گئی قرارداد  سے بھی اپنے فیصلے کو تقویت دی۔ یورپی عدالت نے اپنے فیصلے میں یہ بھی کہا کہ سیاسی پناہ کی سہولت کے دائرے سے باہر وہ افراد بھی آ سکتے ہیں جنہوں نے جہادی عمل کے لیے سرحدوں سے پار کارروائی کے لیے دوسرے افراد کی بھرتی کی ہو یا اُن کی منتقلی میں کوئی کردار ادا کیا ہو۔

بیلجیم کی عدالت نے لونانی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اُسے چھ برس کی قید سزا بھی سنائی تھی۔ یورپی عدالت نے تسلیم کیا کہ مراکشی شہری سن 2002 میں اقوام متحدہ کی جانب سے بلیک لسٹ کیے جانے والے ایک دہشت گرد نیٹ ورک کی قیادت کرنے والے گروپ کا حصہ تھا۔