1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دیناراسافینا فرنچ اوپن کے تیسرے مرحلے میں پہنچ گئیں

عاطف توقیر / کشورمصطفیٰ27 مئی 2009

فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں عالمی نمبر ایک روسی کھلاڑی دینارا سافینا اس وقت اپنی بھرپور فارم میں دکھائی دے رہی ہیں۔ دینارا سافینا نے Vitalia Diatchenko کو شکست دے کر ایونٹ کے تیسرے مرحلے میں اپنی جگہ بنا لی۔

https://p.dw.com/p/HyGu
عالمی نمبر ایک دینارا سافیناتصویر: AP

دینارا سافینا نے اپنی ہم وطن Vitalia Diatchenko کو شکست دے کر فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے تیسرے مرحلے کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ سافینا نےعالمی رینکنگ میں 15ویں نمبرکی کھلاڑی Vitalia Diatchenkoکوایک یک طرفہ مقابلے چھ ایک اور چھ ایک سے شکست دی۔

اس سے قبل فرنچ اوپن میں خواتین کے انفرادی مقابلوں میں ایک حیرت انگیز اور دلچسپ میچ کے بعد عالمی نمبر دو ٹینس اسٹار سیرینا ویلمز دوسرے مرحلے تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئی ہیں۔

عالمی رینکنگ میں 100ویں نمبر کی کھلاڑی Klara Zakopalova کو سیرینا ویلمز نے ایک سخت مقابلے میں چھ تین، چھ سات، پانچ سات اور چھ چار سے شکست دی۔

عالمی نمبر چار Elena Dementieva نے اپنی مدمقابل جنوبی افریقہ کی Chanelle Scheepers کو بآسانی چھ چار اور چھ تین سے ہرا دیا۔ ایونٹ کے ایک اور مقابلے میں سابقہ عالمی نمبر ایک یانکووچ نے پیٹرا کیٹکوِسکا کو چھ دو اور چھ تین سے ہرا کر اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی کر لیا۔

سیرینا ولیمز کا میچ فرنچ اوپن میں قابل توجہ رہا جہاں عالمی نمبر دو کو جیت کے لئے شدید محنت کرنا پڑی۔ سیرینا ولیمز سے شاندار مقابلے کے بعد 27 سالہ چیک کھلاڑی Zakopalova نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا :’’ میرا خیال ہے کہ میں نے اچھا کھیل پیش کیا اور میرا خیال ہے کہ سیرینا بھی اپنا بہترین کھیل پیش کر رہی تھیں۔ میرے لئے سیرینا کو ہرانے کا یہ ایک اچھا موقع تھا۔‘‘

کھیل کے دوران تماشائیوں کی جانب سے Zakopalova کی بھرپور حوصلہ افزائی دیکھی گئی۔ تماشائیوں کی جانب سے مدمقابل کو زبردست داد بھی سیرینا ولیمز کے لئے پریشانی اور غلطیوں کا موجب بنی جس کا Zakopalova نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ Zakopalova نے اپنے انٹرویو میں بھی خصوصی طور پر تماشائیوں کا ذکر کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

’’ تماشائی قابل تعریف تھے۔ میں نے اس سے قبل اپنی پوری زندگی میں اتنے بہترین تماشائیوں کے سامنے کبھی نے کھیلا۔ میں پیرس کے لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں کیونکہ یہ سب ناقابل یقین حد تک خوبصورت تھا۔‘‘

سیرینا ولیمز نے مقابلے کے بعد اپنے انٹرویو میں اپنے کھیل پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج وہ بہترین کھیل پیش نہ کر پائیں۔

’’میں نے بہت برا کھیل پیش کیا۔ میں نے جونئیر ٹینس یا شاید اس سے بھی زیادہ برا کھیلا۔ میں بس جیتنا چاہ رہی تھی۔‘‘

اس سے قبل مردوں کے انفرادی مقابلوں میں عالمی نمبر ایک رافائل نادال اور عالمی نمبر دو راجر فیڈرر دوسرے مرحلوں میں کوالیفائی کرچکے ہیں۔