1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دی کرانیکل آف نارنیا: نئی فلم ریلیز

10 دسمبر 2010

آج دس دسمبر کو نارنیا سیریز کی نئی فلم پیش کی جا رہی ہے۔ یہ فلم سیریز آئرش نژاد برطانوی ناول نگار کلائیو سٹیپلز لوئس کے خیالی اور ماورائی کرداروں سے بھری ناول سیریز پر بنائی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/QUjo
شیر، نارنیا سیریز کا اہم کردارتصویر: AP

لوئس نے یہ ناول سیریز گزشتہ صدی کے نصف میں لکھی تھی۔ بیلفاسٹ میں انیسویں صدی میں جنم لینے والے انگریز ناول نگار سی ایس لوئس ایک منفرد انداز تحریر کے حامل تھے۔ وہ 65 برس کی عمر میں اسی روز فوت ہوئے جس دن امریکی صدر جان ایف کینیڈی کو گولی لگی تھی اور ممتاز ادیب اولوڈس ہکسلی کی رحلت ہوئی تھی۔ لوئس اپنے دور کے ایک اور منفرد ادیب جے آر ٹولکین کے گہرے دوست تھے ٹولکین مڈل ارتھ ناول سیریز لارڈ آف رنگ کے خالق تھے۔ اس باعث لوئس کے تخلیقی فن پاروں پر ٹولکین کا انداز اور رنگ نمایاں تھا۔ ناول سیریز کا مرکزی کردار ایک شیر’’ ازلان’’ ہے۔ ازلان نامی شیر نارنیا سیریز کے سات ناولوں میں موجود ہے۔

ان کی ناول سیریز ‘‘ دی کرانیکل آف نارنیا’’ کے کل سات حصے ہیں۔ کم از کم 47 زبانوں میں یہ سیریز ترجمہ ہو چکی ہے۔ اس سیریز پر پہلی فلم سن 2005 میں بنی تھی۔ اس کا نام The Lion, The witch & the wardrobe تھا۔ دوسری فلم ‘‘پرنس کیسپئن’’ کے نام سے سن 2008 میں ریلیز کی گئی۔ ابھی تک لوئس کی ناول سیریز پر تین فلموں کو پلان کیا گیا ہے۔ اس سلسلے کی تیسری فلم The Voyage of the Dawn Treader' آج ساری دنیا میں ریلیز ہو رہی ہے۔ پہلی دونوں فلموں کے ہدایتکار اینڈریو ایڈم سن تھے۔ وہ اب تیسری فلم کے پروڈیوسر ہیں اور ہدایتکار مائیکل ایپٹڈ ہیں۔ پہلی دو فلموں نے ساری دنیا میں ایک ارب ڈالر سے زائد کی کمائی کی ہے۔

Oscar Bildgalery Foto 11/25
نارنیا سیریز کی پہلی فلم کو بہترین میک اپ کا آسکر ایوارڈ دیا گیا تھاتصویر: AP

نئی فلم میں بھی نارنیا کی ان دیکھی ریاست کو بدی کی قوت کا سامنا ہے۔ سی ایس لوئس کے ناول سیریز کا مرکزی خیال نیکی اور بدی کی قوتوں کے درمیان مسلسل ایک دوسرے کو زیر کرنے کی کوششیں ہیں اور اس میں بدی کی قوت کو میسر سازشی جال کو کس انداز میں نیکی کے تابع لوگ ہمت اور قوت سے توڑتے ہیں۔ یہی پڑھنے والے کو اپنے حصار میں رکھتا ہے۔ ڈان ٹریڈر ایک بحری جہاز ہے جو نارنیا کی ماورائی ریاست کی جانب سفر کرتا ہے۔ اس سفر میں سات اچھے انسانوں کی تلاش اور پھر بدی کی ازلی قوت کے تاجدار اور نارنیا کے جعلی بادشاہ میراض کو شکست دینا ہے۔ یہ سفر ماورائی چاندی کے سمندر سے پرے واقع مشرقی جزائر تک کا ہے۔ اس فلم کی عکاسی آسٹریلیا کی ریاست کوئنز لینڈ کے قرب میں واقع سمندری علاقے میں کی گئی ہے۔

فلم کے بارے میں بعض ناقدین کو شک ہے کہ یہ شاید ویسی بڑی کامیابی سے ہمکنار نہ ہو سکے جیسی کہ پہلی دو فلموں کو ملی تھی۔ لیکن دوسرے ناقدین کو یقین ہے کہ اس سال کی شاید یہ سب سے بڑی ہٹ فلم ہو گی۔ فلم کی عکاسی اور خصوصی ایفیکٹس کی بہت تعریف کی گئی ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: شادی خان سیف