1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ذوالقرنین حیدر کاؤنٹی کرکٹ کھیلیں گے

18 نومبر 2010

برطانیہ میں سیاسی پناہ کے متلاشی پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر ذوالقرنین حیدر سال 2011ء کے سیزن کے لئے ایک انگلش کاؤنٹی کے ساتھ معاہدہ کرنے کے لئے مذاکرات کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/QCDW
تصویر: AP

انگلش کاؤنٹی کینٹ کی ایک ٹیم Lashings کے چیئر مین ڈیوڈ فولب نے کہا ہے کہ وہ پر امید ہیں کہ ذوالقرنین حیدر ان کی ٹیم کے لئے کھیل سکیں گے،’ ہم بہت زیادہ پر امید ہیں کہ ہمارے مابین معاہدہ ہو جائے گا، میں نے ذوالقرنین کے وکیل اور دیگر ماہرین سے گفتگو کی ہے، میں پراعتماد ہوں کہ ذوالقرنین سن2011ء کا سیزن ہماری ٹیم کی طرف سے کھیلے گا۔‘

ڈیوڈ فولب نے کہا کہ ذوالقرنین حیدر ہمارے ساتھ رہتے ہوئے ایسا محسوس کریں گے، جیسا کہ وہ اپنے گھر میں ہوں۔ اطلاعات کے مطابق ذوالقرنین حیدر اور ڈیوڈ فولب کے مابین اس معاہدے کے بارے میں حتمی بات چیت پیر کو ہو گی۔

Pakistan Cricket Intikhab Alam
پاکستان کرکٹ ٹیم کے مینیجر انتخاب عالمتصویر: AP

ذوالقرنین حیدر 9 نومبر کو دبئی سے پرسرار طورپرغائب ہو کر لندن پہنچ گئے تھے۔ ان کے بقول جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوران چوتھا اور پانچواں میچ فکس نہ کرنے پر انہیں جان سے مار دینے کی دھمکیاں موصول ہوئی تھیں، جس کی وجہ سے وہ ٹیم کو چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہو گئے تھے۔

لندن پہنچنے پر انہوں نے بین الاقوامی کرکٹ کو خیر باد کہنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اور ان کا گھرانہ خطرے میں گھرا ہوا ہے۔ حیدر کے بقول دبئی میں ایک نامعلوم شخص نے انہیں میچ فکسنگ پر مجبور کیا تھا تاہم انہوں نے پاکستان کے ساتھ غداری نہ کی۔

دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ نے ضابطہ ء اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر حیدر کا کنٹریکٹ منسوخ کر دیا اور ان کے بارے میں مکمل تحقیقاتی ٹیم ترتیب دے دی ، جو اب ان کے پرسرار فرار کے بارے میں حقائق جمع کر رہی ہے۔

رپورٹ : عاطف بلوچ

ادارت : شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید