1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

راجر فیڈرر کا ایک اور اعزاز

25 اکتوبر 2010

سوئٹزر لینڈ کے مشہور ٹینس سٹار راجر فیڈرر نے مردوں کے بین الاقوامی ٹورنامنٹ سٹاک ہوم اوپن میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ اس طرح یہ ان کا 64 واں ٹائٹل ہے، جو اس کھیل میں ان کی صلاحیتوں کا ایک اور ثبوت ہے۔

https://p.dw.com/p/Pmcf
ٹینس سٹار راجر فیڈررتصویر: AP

سٹاک ہوم اوپن میں کامیابی راجر فیڈرر نے جرمنی کے فلوریان مائیر کو شکست دے کر حاصل کی۔ انہوں نے یہ میچ دو سیٹ میں جیتا۔ اس طرح راجر فیڈرر نے 64 ویں بین الاقوامی ٹینس ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کر کے عظیم امریکی ٹینس لیجنڈ پیٹ سیمپراس کے ریکارڈ کو برابر کردیا ہے۔ ان ٹورنامنٹس کو ATP رینکنگ حاصل ہے۔ بین الاقوامی ٹورنامنٹ جیتنے کی درجہ بندی میں اب فیڈرر اور سیمپراس برابر ہو گئے ہیں۔ ان دونوں کا اس فہرست میں مقام چوتھا ہے۔

سب سے زیادہ بین الاقوامی ٹورنامنٹس جیتنے کا اعزاز امریکی لیجنڈ جمی کونرز کے پاس ہے۔ انہوں نے 148 ایسے بین الاقوامی ٹورنامنٹس جیت رکھے ہیں۔ ان کے بعد ایوان لینڈل کا نام آتا ہے۔ چیکو سلواکیہ سے تعلق رکھنے والے ایوان لینڈل نے اپنے پیشہ ورانہ کھیل کے دوران 144 ٹورنامنٹس جیتے تھے۔ لینڈل اب امریکی شہری بن چکے ہیں۔ تیسرے مقام پر ایک اور امریکی کھلاڑی جان میکنرو ہیں۔ میکنرو نے اپنے دور میں کل 99 ٹورنامنٹس جیتے تھے۔

Rafael Nadal siegt bei den US Open in New York
رافائل نادالتصویر: AP

راجر فیڈرر آج کل عالمی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ پہلی پوزیشن پر ہسپانوی کھلاڑی رافائل ندال ہیں۔ انتیس سالہ فیڈرر کے کھیل میں زوال کے آثار پیدا ہو چکے ہیں۔ اب ان کی پرفارمنس ویسی نہیں رہی جس کی وجہ سے وہ مشہور تھے۔اسی باعث وہ گرینڈ سلیم ٹورنامنٹس میں بھی کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ اس کے باوجود وہ مسلسل اپنی سابقہ فارم تلاش کرنے کی کوشش میں ہیں۔

راجر فیڈرر کل سولہ گرینڈ سلیم ٹورنامنٹس جیت چکے ہیں۔ ان میں چار آسٹریلین اوپن، ایک فرنچ اوپن، چھ ویمبلڈن اور پانچ یو ایس اوپن شامل ہیں۔ وہ کئی ہفتوں تک عالمی نمبر ایک رہ چکے ہیں۔ ان کو بعض ٹینس کے مبصرین ہر دور کا عظیم کھلاڑی قرار دیتے ہیں جبکہ بہت سے دوسرے اس مقام پر رافائل ندال کو دیکھ رہے ہیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں